دیوبند،سماج نیوزسروس: کانگریس ایم پی عمران مسعود کیمپ دفتر پر ہفتہ کو ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں 18 مئی کو گنگوہیڑی کے رائل پیلس میں ہونے والے کانگریس کارکن کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کا آغاز مہارانا پرتاپ جینتی کے موقع پر ان کی تصویر پر گلپوشی اور خراجِ عقیدت پیش کرکے کیا گیا۔اس موقع پر ضلع کانگریس صدر سندیب رانا، ایم ایل سی شاہنواز خان، سابق رکن اسمبلی مسعود اختر سمیت بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان اور عہدیداران موجود رہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران مسعود نے بتایا کہ 18 مئی کو منعقد ہونے والے کارکن کنونشن میں کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری اور اتر پردیش انچارج اویناش پانڈے، ریاستی صدراجے رائے، راجیہ سبھا رکن پرمود تیواری، اتر پردیش کانگریس قانون ساز پارٹی کی لیڈراراھنا مشرا سمیت ریاست بھر کے کانگریس اراکین پارلیمان اور کئی سینئر رہنما شرکت کریں گے۔عمران مسعود نے کہا کہ ملک میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے نفرت کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے، جس کا مقابلہ بھائی چارے، محبت اور اتحاد کے ذریعے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں بے روزگاری، بدعنوانی اور خواتین و دلتوں پر مظالم میں اضافہ ہوا ہے، مگر حکومت عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے میں مصروف ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت تعلیم کو تجارتی شکل دے کر بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے خوابوں کو کچل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بابا صاحب کا خواب تھا کہ ہر غریب اور دلت کے گھر علم کی روشنی پہنچے، لیکن موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے غریب طبقہ تعلیم سے دور ہوتا جا رہا ہے۔رکن پارلیمنٹ نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ بوتھ سطح پر خود کو مضبوط کریں اور جمہوریت و آئین کو کمزور کرنے کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی چوری کے مبینہ منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے ہر بوتھ پر تنظیم کو مستحکم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسی مقصد کے تحت پورے اتر پردیش میں کارکن کنونشن منعقد کیے جائیں گے، جن کی شروعات سہارنپور سے ہوگی۔ضلع کانگریس صدر سندیپ سنگھ رانا نے کہا کہ 18 مئی کے کارکن کنونشن کو تاریخی اور کامیاب بنانے کے لیے تمام 110 منڈل صدور، بلاک صدور اور تنظیمی عہدیداران کو خصوصی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں تاکہ ضلع کے ہر گاؤں اور پنچایت سے کارکنان کی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔ایم ایل سی شاہنواز خان، سابق رکن اسمبلی مسعود اختر، چودھری ارشاد چیئرمین اور حمزہ مسعود نے بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کارکنان سے متحد ہو کر کنونشن کی کامیابی کے لیے کام کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ بوتھ سطح کی مضبوطی ہی 2027 کے انتخابات میں کامیابی کی راہ ہموار کرے گی۔












