بھاگلپور (قمر امان) اسانند پور اینٹی ڈرگ ٹریفکنگ اسکواڈ کے زیرِ اہتمام نشہ کے خلاف بیداری مہم کو فروغ دینے کے لیے ایک عظیم الشان اور بیدار کن جلوس نکالا گیا،جس میں مختلف شعبۂ حیات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کر سماج کو منشیات کے خطرناک اثرات سے آگاہ کرنے کا پیغام دیا۔اس بیداری جلوس کی قیادت اسکواڈ کے سربراہ سید ارشد علی نے کی، جبکہ اس مہم کی سرپرستی سینئر صحافی سعید انور کی ہدایت و رہنمائی میں انجام پائی۔یہ بیداری جلوس اسانند پور شعبہ محلہ کے تاریخی شعیہ بڑا امام باڑا کے قریب سے شروع ہوا۔جلوس میں شامل نوجوانوں،سماجی کارکنوں اور معزز شہریوں کے ہاتھوں میں نشہ مخالف نعروں اور بیداری پیغامات پر مشتمل تختیاں تھیں۔شرکاء “نشہ چھوڑو،سماج کو جوڑو”، “منشیات سے دور رہو”، اور “صحت مند معاشرہ،روشن مستقبل” جیسے نعرے بلند کرتے ہوئے عوام کو بیدار کر رہے تھے۔جلوس شعیہ بڑا امام باڑا سے روانہ ہو کر ناتھ نگر مین روڈ کے وی ٹو مال کے قریب پہنچا،جہاں عوام کی بڑی تعداد نے اس مہم کا خیر مقدم کیا۔اس کے بعد یہ جلوس اردو گرلز اسکول اسانند پور نیا ٹولہ،باری چک،نمبو پاسی لین اور پربتی محلہ کے چوک سے گزرتا ہوا پیرن شاہ بندگی رحمۃ اللہ علیہ کے میدان میں اختتام پذیر ہوا۔راستے بھر عوام نے جلوس کے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی اور منشیات کے خلاف اس سماجی تحریک کو سراہا۔اس بیداری مہم میں خصوصی طور پر خدائی خدمتگار محمد شہباز نے شرکت کی۔اس کے علاوہ سماجی،تعلیمی اور فلاحی اداروں سے وابستہ افراد کی بھی نمایاں موجودگی رہی۔مہم کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے یونیورسٹی تھانہ اور تاتاریوں تھانہ کی پولیس بھی جلوس کے ساتھ ساتھ موجود رہی،جس سے انتظامات مزید منظم نظر آئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسانند پور اینٹی ڈرگ ٹریفکنگ اسکواڈ کے سربراہ سید ارشد علی نے کہا کہ موجودہ دور میں منشیات کی لعنت تیزی سے معاشرے میں پھیل رہی ہے اور نوجوان نسل اس کا سب سے زیادہ شکار ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نشہ آور اشیاء کا استعمال نہ صرف افراد کی زندگی تباہ کر رہا ہے بلکہ پورے خاندان پسماندگی، غربت اور جرائم کی دلدل میں دھنس رہے ہیں۔انہوں نے سماج کے باشعور افراد سے اپیل کی کہ وہ اس برائی کے خاتمے کے لیے متحد ہو کر آگے آئیں اور نوجوان نسل کو محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔مہم کے سرپرست اور سینئر صحافی سعید انور نے اپنے خطاب میں کہا کہ نشہ کا کاروبار آج سماج کے لیے ایک خطرناک ناسور بن چکا ہے۔منشیات نے معاشرے کو اس حد تک زہر آلود کر دیا ہے کہ نسل در نسل اس کے تباہ کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور روزگار سے دور ہو کر نوجوان جرائم کی راہ اختیار کر رہے ہیں،جو انتہائی تشویشناک امر ہے۔انہوں نے حکومت اور سماجی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ نشہ کے خلاف سخت کارروائی کے ساتھ ساتھ عوامی بیداری مہم کو بھی مسلسل جاری رکھا جائے۔خدائی خدمتگار محمد شہباز نے کہا کہ جب بھی معاشرے میں برائیاں بڑھتی ہیں تو ان کے خاتمے کے لیے سید ارشد علی جیسے مخلص اور باہمت لوگ میدان میں آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس تحریک کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور ایک صحت مند اور باوقار معاشرے کی تشکیل کے لیے نشہ انسداد مہم وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مہم کو صرف ضلع ہی نہیں بلکہ ریاستی سطح پر بھی چلانے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل کو تباہی سے بچایا جا سکے۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نشہ کے خلاف یہ تحریک آئندہ بھی جاری رہے گی اور عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے مختلف محلوں اور تعلیمی اداروں میں مسلسل پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔












