نئی دہلی، (یواین آئی) کانگریس کے رہنما جے رام رمیش نے گریٹ نکوبار جزیرہ ترقیاتی منصوبے کے سلسلے میں مرکزی وزیر ماحولیات بھوپیندر یادو کو خط لکھ کر الزام عائد کیا ہے کہ منصوبے کے لیے کیے گئے ماحولیاتی اثرات کے جائزے (ای آئی اے) نامکمل ہیں، جلد بازی میں کیے گئے ہیں اور سائنسی معیارات کے خلاف ہیں۔ مسٹر رمیش نے اتوار کو کہا کہ حکومت نے یکم مئی 2026 کو جاری سوالات کے جوابات میں دعویٰ کیا تھا کہ منصوبے کے ماحولیاتی اثرات کا جامع مطالعہ کیا گیا ہے، لیکن دستیاب دستاویزات اس دعوے کی تائید نہیں کرتیں۔ انہوں نے کہا کہ قواعد کے مطابق انڈمان و نکوبار جیسے حساس علاقوں میں بندرگاہی منصوبوں کے لیے کم از کم دو سے تین موسموں پر مشتمل تفصیلی مطالعہ ضروری ہوتا ہے، جبکہ یہاں صرف چند دنوں اور ایک ہی موسم کی بنیاد پر سروے کیے گئے ہیں۔ خط میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ لیدربیک کچھوؤں، حیاتیاتی تنوع اور سمندری ماحولیاتی نظام سے متعلق سروے نہایت محدود مدت میں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ گھنے جنگلات کی وجہ سے وسیع پیمانے پر سروے ممکن ہی نہیں ہو سکا اور خود ماحولیاتی اثرات کی جائزہ رپورٹ نے بھی اس بات کو تسلیم کیا ہے۔












