نئی دہلی ، سماج نیوز سروس:ہندستان کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کیریبین ممالک کے 9 روزہ دورے پر تھے، جو آج اپنے آخری مرحلے میں ہے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اتوار کو ہندستانی برادری سے تبادلہ خیال کیا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنا دورۂ ٹرینیڈاڈ و ٹوبیگو مکمل کیا۔ ٹی اینڈ ٹی (ٹرینیڈاڈ و ٹوبیگو) دورے کے آخری پڑاؤ پر ہندستان برادری کے ساتھ بات چیت کے دوران انہوں نے ہندستان اور ٹرینیڈاڈ کے عوام کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو اجاگر کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے نئی دہلی کے عزم کا اعادہ کیا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ: ’’ہندستانی برادری کے ساتھ بات چیت کے ساتھ اپنا دورہ ختم کیا۔ گرمٹیا برادری کے ساتھ خصوصی تعلقات پر زور دیا اور اسے مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ ٹرینیڈاڈ و ٹوبیگو کی ضروریات اور توقعات کیلئے ذمہ دار، ایک قابل بھروسہ شراکت دار کے طور پر ہندستان کے بارے میں بات کی۔‘‘وزیر خارجہ نے اس دوران تاریخی نیلسن آئی لینڈ پر ایک اجتماع سے بھی خطاب کیا۔ تقریباً 2 صدی قبل جو ہندستانی بندھوا مزدور کیریبین ملک میں آئے تھے، ان کو ’گرمیٹیا مزدور‘ کہا جاتا ہے۔ ایس جے شنکر نے ٹی اینڈ ٹی کی وزیر اعظم کملا پرساد بسیسر کے ساتھ اس تقریب میں شرکت کی اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ورثے اور عوام کے درمیان طویل مدتی تعلقات پر زور دیا۔ڈاکٹر ایس جے شنکر نے مشہور دتا تریہ مندر کا بھی دورہ کیا، جو کیریبین کے سب سے خاص ہندو مندروں میں سے ایک ہے۔ دتا تریہ مندر کے دورے کے حوالے سے انہوں نے لکھا کہ ’’آج شام ٹرینیڈاڈ و ٹوبیگو میں دتا تریہ مندر جا کر بہت اچھا لگا۔ اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود اور ہندستان-ٹرینیڈاڈ و ٹوبیگو کے تعلقات مزید مضبوط ہونے کی دعا کی۔‘‘ اس سے قبل ایس جے شنکر نے جنوبی ٹرینیڈاڈ میں انڈو-ٹرینیڈاڈین برادری کے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے ملک کو ’گھر سے دور ایک گھر‘ قرار دیا اور کہا کہ ’’گھر سے دور ایک گھر۔ جنوبی ٹرینیڈاڈ میں انڈو-ٹرینیڈاڈین برادری کے درمیان آکر سچ میں بہت خوشی ہوئی۔ اپنائیت کئی طریقوں سے نظر آئی اور اس سے بھی زیادہ پیار ملا۔ اس تجربے کیلئے وزیراعظم کملا کا شکریہ۔‘‘ٹی اینڈ ٹی کے دورے پر وزیر خارجہ جے شنکر اور وزیر اعظم کملا پرساد بسیسر نے مل کر ٹرینیڈاڈ و ٹوبیگو کے پینل میں ایک مستقل مصنوعی اعضاء کا مرکز (پروستھیٹیکس سنٹر) لانچ کیا۔












