دیوبند،سماج نیوزسروس: سہارنپور میونسپل کارپوریشن نے آج تین دکانداروں پر بغیر لائسنس کے گوشت کی دکانیں چلانے کے ساتھ ساتھ تجاوزات اور کوڑا کرکٹ پھینکنے پر 10,000 روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ کارپوریشن حکام نے خبردار کیا ہے کہ جو بھی دکاندار بغیر لائسنس کے گوشت کی دکان چلاتا ہوا پایا گیا تو اس کی دکان کو سیل کر دیا جائے گا۔ میونسپل کمشنر شپو گری کی ہدایت پر کارپوریشن کے آفیسر ڈاکٹر سندیپ مشرا نے ٹیم کے ساتھ جوگیاں پل کا دورہ کیا جہاں گوشت کی دکانوں کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے تین دکانداروں کو بغیر لائسنس کے کام کرتے ہوئے پایا۔ مزید برآں دکانداروں نے اپنی دکانوں کے باہر جگہ جگہ تجاوزات کر رکھی تھیں اور دکانوں کے اندر اور اطراف میں گندگی پھیلی ہوئی تھی۔ آفیسر نے چالان جاری کرتے ہوئے تینوں دکانوں کو 10 ہزار روپے جرمانہ کیا۔ انہوں نے شہر کے گوشت فروشوں کو میونسپل کارپوریشن سے اپنی دکانوں کے لائسنس حاصل کرنے کے لیے تین دن کا وقت دیا۔ انہوں نے یہ بھی انتباہ دیا کہ کوئی بھی گوشت فروش بغیر لائسنس کے کام کرتا ہوا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ان کی دکان کو سیل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی دکاندار کھلے میں گوشت فروخت کرتا یا گندگی پھیلاتا پایا گیا تو اس کے خلاف بھاری جرمانہ عائد کرکے سخت کارروائی کی جائے گی۔












