میامی، (یواین آئی ) فٹ بال کی دنیا کے بے تاج بادشاہ لیونل میسی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ نہ صرف میدان کے بلکہ دولت کی دوڑ کے بھی سکندر ہیں۔ میجر لیگ ساکر ( ایم ایل ایس) پلیئرز ایسوسی ایشن کے تازہ ترین اعداد و شمار نے فٹ بال کی دنیا میں کھلبلی مچا دی ہے۔اگر آپ میسی کی نئی تنخواہ کو ہندوستانی روپوں میں دیکھیں گے تو آپ کے ہوش اڑ جائیں گے۔ 28.3 ملین ڈالر کی یہ خطیر رقم کچھ یوں بنتی ہے:سالانہ معاوضہ تقریباً 236 کروڑ ہندوستانی روپے،جبکہ بنیادی تنخواہ: تقریباً 209 کروڑ ہندوستانی روپے بنتے ہیں۔ یہ تو صرف وہ رقم ہے جو کلب انہیں دے رہا ہے۔ اشتہارات، برانڈ اینڈورسمنٹ اور کلب کے شیئرز سے ہونے والی اربوں کی آمدنی اس کے علاوہ ہے!میسی کی بنیادی تنخواہ اب دگنی ہو کر 25 ملین ڈالر ہو گئی ہے، جبکہ ان کا کل طے شدہ معاوضہ 28.3 ملین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ میسی نے گزشتہ اکتوبر میں انٹر میامی کے ساتھ معاہدے میں توسیع کی تھی، جس کے تحت وہ اب 2028 تک فلوریڈا کی اس ٹیم کا حصہ رہیں گے۔ ۔ 38 سالہ میسی نے میامی کے لیے 64 میچوں میں 59 گول کیے ہیں اور وہ مسلسل دو بار لیگ کے ‘انتہائی قیمتی کھلاڑی ( ایم وی پی ) قرار پائے ہیں۔انٹر میامی لیگ کی سب سے مہنگی ٹیم بن کر ابھری ہے۔ٹیم کا کل پے رول 54.6 ملین ڈالر ہے، جو کہ گزشتہ سیزن کے مقابلے میں 46.8 ملین ڈالر سے بڑھ گیا ہے۔ ایل اے ایف سی 32.7 ملین ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ فلاڈیلفیا 11.7 ملین ڈالر کے ساتھ لیگ کی سب سے کم خرچ کرنے والی ٹیم ہے۔یہ رپورٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب میسی اگلے ماہ سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ 2026 میں ارجنٹائن کے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔ لیگ کے اوسط معاوضے میں بھی گزشتہ اکتوبر کے مقابلے میں 8.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو اب 688,816 ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔












