صادق شروانی
نئی دہلی،سماج نیوز سروس: کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے کی طرف سے منظور کردہ تنظیم سازی مہم کے تحت دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے نئے ضلعی صدور کی تقرری کو منظوری دے دی ہے۔ جس کے تحت دہلی کے 14 اضلاع صدور کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ ان میں 4 ضلع صدور کو بدلا گیا ہے۔ جس میں پتپڑ گنج سے وجیندر چودھری، کراول نگر سے منگیش تیاگی، تلک نگر سے امن دیپ سنگھ اور کراڑی سے ورون ڈھاکا کو نامزد کیا گیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال کی جانب سے جاری کی گئی فہرست کے مطابق آدرش نگر سے سدارتھ رائو، چاندنی چوک سے محمد عثمان، کراول نگر سے منگیش تیاری، بابر پور سے راجکمار جین، پتپڑ گنج سے وجیندر چودھری، کرشنا نگر سے سمیت شرما، قرول باغ سے مہندر بھاسکر، نئی دہلی سے موہندر منگلا، روہنی سے اندرجیت سنگھ، کراڑی سے ورون ڈھاکا، تلک نگر سے امن دیپ سنگھ، نجف گڑھ سے راجیش یادو، مہرولی سے وریندر شرما، بدرپور سے ہرش چودھری وغیرہ کے نام شامل ہیں۔ حالانکہ اس لسٹ پر اقلیتی طبقے کے کانگریسی لیڈران کم خوش نظر آرہے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ دہلی میں اقلیتی کے نام پر صرف ایک مسلمان کو ضلع صدر بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بابر پور جیسے ضلع سے کسی مسلم نام کی امید تھی لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ دوسری جانب تنظیم سازی مہم کے تحت دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے ضلعی صدور کی تقرری کے لیے مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس خاندان محنتی ساتھیوں، سابق ایم ایل اے سریندر کمار، دنیش کمار، آدیش بھاردواج، اور دھرم پال چنڈیلا کو ان کی انمول خدمات اور طویل عرصے تک ضلع صدر کے طور پر پارٹی کے لیے جدوجہد کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ تمام نو تعینات اور موجودہ ضلعی صدور پوری وفاداری اور لگن کے ساتھ تنظیم سازی مہم کے تحت تنظیم کو مزید مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔












