کانپور، ،سماج نیوز سروس:کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کانپور نے مفتیان کرام و علماء پر مشتمل پینل بناکر لوگوں کو حج و قربانی کے مسائل میں رہنمائی کرنے کے مقصد سے سابقہ برسوں کی طرح امسال بھی ”الشرعیہ ہیلپ لائن“ برائے حج وقربانی کا آغاز کیا ہے۔ اکیڈمی کے دفتر جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ کانپور اکیڈمی کے صدر مفتی اقبال احمد قاسمی نے مسلمانوں سے کہا کہ حج و قربانی جیسی اہم عبادات و دیگر دینی مسائل کی جانکاری کیلئے علماء کی رہنمائی حاصل کریں۔ سابق قاضیئ شہر مولانا محمد متین الحق اسامہ صاحب قاسمی نوراللہ مرقدہ کے قائم کردہ علماء و مفتیان کے پینل کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کانپور کے صدر مفتی اقبال احمد قاسمی، نائب صدر مفتی عبدالرشید قاسمی،جنرل سیکرٹری مولانا خلیل احمد مظاہری اور مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ میں مشترکہ طور پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ ذی الحجہ میں قربانی کے سلسلے میں بہت سے مسائل ہوتے ہیں جو لوگوں کو عام طور پر معلوم نہیں ہوتے۔ حج کے موقع پر بھی بہت سے مسائل درپیش ہوتے ہیں بسااوقات مسئلہ معلوم کرنے کیلئے عازمین پریشان ہوتے ہیں۔ انہیں ضروریات کے پیش نظر اسلامک علمی اکیڈمی نے الشرعیہ ہیلپ لائن برائے حج وقربانی چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ کی حاضری، مسجدنبوی ؐ میں نماز و صلوٰۃ و سلام کے آداب اورحج کے دوران احرام کی تیاری سے لے کر منیٰ، عرفات، مزدلفہ کے ارکان، کنکری مارنے کا طریقہ، حجامت، طواف، زیارت سمیت بہت سے موڑ آتے ہیں جب لوگ پریشان ہوتے ہیں اور کوئی صحیح رہنمائی کرنے والا بھی وقت پر نہیں ملتا،حج کب کس طرح حج مقبول و مبرور بنتا ہے ساتھ ہی حج کے ارکان میں کون سا رکن ضروری ہے اور کون سا رکن چھوٹنے پر دم دینا پڑے گا یہ سب ٹھیک طریقے سے معلوم نہ ہونے کی وجہ سے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔ اسی طرح قربانی سے متعلق بہت سارے مسائل ہوتے ہیں جو لوگ پوچھنا چاہتے ہیں۔ جانوروں سے متعلق شریعت میں بڑی تفصیلات ہیں۔ نیز کب قربانی واجب ہوتی ہے اور کب سے کب تک قربانی کی جاسکتی ہے؟ اگر قربانی نہ کرسکے تو کیا حکم ہے وغیرہ وغیرہ۔ چنانچہ جو خوش نصیب حج پر جا رہے ہیں یا جن لوگوں کے اعزہ حج پر چلے گئے ہیں وہ انہیں ہیلپ لائن کے نمبرات بھیج دیں نیز قربانی سے متعلق مسائل کے حل کیلئے اکیڈمی کے ممبران سے فوری رابطہ کرلیا جائے تاکہ وقت پڑنے پر صحیح رہنمائی ہوسکے۔ اکیڈمی کے رکن اور ریاستی جمعیۃ علماء کے نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے کہا کہ قربانی ایک عظیم عبادت اور سیدنا حضرت ابراہیم و اسماعیل علیہما السلام کی یادگار ہے۔ یہ قربانی ہمارے اندر اللہ اور رسول کی رضا کیلئے اپنی محبوب سے محبوب ترین چیز بھی قربان کردینے کا جذبہ بیدار کرتی ہے۔ قربانی کے ایام میں قربانی ہی سب سے بڑی عبادت ہے، کوئی عمل مثلا صدقہ خیرات وغیرہ قربانی کا بدل نہیں ہوسکتا۔ لہذا پورے ایمانی جذبہ کے ساتھ قربانی کے فلسفہ کو سامنے رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ اور عمدہ سے عمدہ قربانی کا مزاج بنائیں۔ مولانا نے اپیل کی کہ قربانی کرتے ہوئے صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔ کھلی نالیوں میں خون بہانے سے گریز کریں۔ قربانی کی تصاویر سوشل میڈیا پہ شائع نہ کریں اور گوشت لے جاتے وقت کالی پالی تھین یا بند تھیلوں کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کانپور و اطراف میں اگر کہیں کوئی قربانی جیسی عظیم عبادت میں بلا وجہ رکاوٹ پیدا کرے تو دئیے گئیے نمبرات پہ فورا مطلع کریں۔
اس موقع پر میٹنگ میں علمی اکیڈمی کے صدر مفتی اقبال احمد قاسمی، نائب صدر مفتی عبدالرشید قاسمی، جنرل سکریٹری مولانا خلیل احمد مظاہری،مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی، مولانا محمد انیس خاں قاسمی اور مفتی اظہار مکرم قاسمی سمیت اکیڈمی کے دیگر ممبران موجود تھے۔’الشریعہ ہیلپ لائن‘برائے حج وقربانی ،مولانا خلیل احمد مظاہری09889370978مولانا مفتی عبد الرشید قاسمی 09984181490، مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی 983984866 ،مولانا محمد انعام اللہ قاسمی 09935588996، مولانا محمد انیس خاں قاسمی9936705786،مولانا مفتی محمد عثمان قاسمی8423779585 ،مولانامفتی عزیز الرحمن قاسمی 7860334030،مولانا مفتی اظہار مکرم قاسمی 9696314272،مولانا مفتی سعود مرشد بانکوی قاسمی7844048601، مولانا مفتی محمد واصف قاسمی 8859816832،
مولانا مفتی اقبال احمد قاسمی 09450120937












