چنئی، (یواین آئی ) سن رائزرز حیدرآباد کے اسٹار بلے باز ایشان کشن نے چنئی سپر کنگز کے خلاف ایک مشکل وکٹ پر اپنی شاندار اننگز کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔ ایشان کشن نے اعتراف کیا کہ چنئی کی دھیمی پچ پر 181 رنز کا تعاقب کرنا ایک کٹھن چیلنج تھا، جہاں گیند بلے پر رک کر آ رہی تھی۔ایشان کشن نے پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں بتایا کہ جب وہ پہلی اننگز میں وکٹ کیپنگ کر رہے تھے، تبھی انہیں پچ کے موڈ کا اندازہ ہو گیا تھا۔چنئی کے اسکور کو 180 تک محدود کرنے میں حیدرآباد کے فاسٹ بولرز کی 39 ‘سلوور گیندوں’ کا بڑا ہاتھ تھا، جس سے کشن سمجھ گئے تھے کہ اسپنرز اور کٹرز کھیلنا آسان نہیں ہوگا۔کشن کے مطابق: "نمبر 3 پر بیٹنگ کرتے ہوئے میرا کام میچ کو فنش کرنا تھا۔ نئے آنے والے بلے بازوں کے لیے سنگلز لینا اور بڑے شاٹس کھیلنا مشکل تھا، اس لیے مجھے آخر تک کھڑا رہنا تھا۔”اگرچہ ایشان کشن کا اس سیزن کا مجموعی اسٹرائیک ریٹ 179.48 ہے، لیکن اس میچ کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے انہوں نے 148.93 کے اسٹرائیک ریٹ سے 47 گیندوں پر 70 رنز بنائے۔انہوں نے 37 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ جب 18ویں اوور میں حیدرآباد کو 14 گیندوں پر 23 رنز درکار تھے، تب کشن نے مکیش چوہدری کو ایک چھکا اور چوکا لگا کر میچ کا رخ موڑ دیا۔آٹھویں اوور میں جب اسکور 56/2 تھا، تب ایشان کشن کا ساتھ دینے ہینرک کلاسن آئے۔ مطلوبہ رن ریٹ 10 سے اوپر ہونے کے باوجود کلاسن نے اپنے فطری انداز کو نہیں بدلا۔












