سید مجاھد حسین
نئی دہلی،25جنوری،سماج نیوز سروس: سپریم کورٹ نے بدھ کو گزشتہ سال 2021 میںلکھیم پور تشددمیں8 لوگوں کی موت کے الزام میں اتر پردیش کی جیل میں بند اجے مشرا کو عبوری ضمانت دے دی ہے ۔سماعت کے دوران جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جے کے مہیشوری کی بنچ نے ہدایت دی کہ آشیش عبوری ضمانت کی مدت کے دوران نہ تو اتر پردیش میں رہے اور نہ ہی دہلی میں۔عدالت نے یہ بھی کہا کہ وہ مقدمے کی سماعت کی نگرانی کرے گی۔قابل ذکر ہے کہ اکتوبر 2021 میں لکھیم پور کھیری تشددمیں 8لوگ مارے گئے تھے۔ کاشتکاروںنے اس پر اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر اشیش مشرا کو مورد الزام ٹھہرایا تھا،جبکہ دیگر آٹھ لوگوں کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی ۔ وہیں اس معاملے میں مرکزی وزیر اجے مشرا ’ٹینی‘ کے بیٹے آشیش مشرا کو ضمانت دینے کے علاوہ سپریم کورٹ نے درج ایک اور ایف آئی آر کے تحت قید چار کاشتکاروں کو بھی عبوری ضمانت دے دی۔ آشیش مشرا پانچ لوگوں کے قتل کا اہم ملزم ہے جس پر کاشتکاروں کو مبینہ طور سے گاڑی سے کچلنے کا الزام عائد ہے۔قابل ذکر ہے کہ 3 اکتوبر 2021 کو لکھیم پور کھیری ضلع کے تکونیا میں آٹھ لوگ اس وقت مارے گئے تھے جب کسان اس وقت کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے علاقے کے دورے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے اور اس دواران تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ اتر پردیش پولس کی ایف آئی آر کے مطابق، چار کسانوں کو ایک ایس یو وی نے کچل دیا تھا جس میں آشیش بیٹھا ہوا تھا۔اس واقعہ کے بعد مشتعل کسانوں نے ایس یو وی کے ڈرائیور اور بی جے پی کے دو کارکنوں کو مبینہ طور پر پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ تشدد کے دوران ایک صحافی کو بھی ماردیا گیا۔ اس معاملے میں الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے گزشتہ سال 26 جولائی کو اس وقت آشیش مشرا کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کر دیا تھاجب انہوں نے ہائی کورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔عدالتی حکم کے مطابق اشیش مشرا کو ایک ہفتے کے اندر اتر پردیش چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔آج اپنے حکم نا مے میںسپریم کورٹ نے کہا کہ آشیش مشرا یا ان کے خاندان کی طرف سے گواہوں پر اثر انداز ہونے کی کوئی بھی کوشش ان کی ضمانت منسوخ کرنے کا باعث بنے گی۔’دی ہندو ‘کے مطابق، عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ مشرا کو اپنے ٹھکانے کے بارے میں عدالت کو مطلع کرنا ہوگا، مقامی پولس اسٹیشن میں اپنی موجودگی کو درج کرانا ہوگا اور اپنا پاسپورٹ سونپنا ہوگانیز اسے ہر کیس کی سماعت میں پیش ہونا پڑے گا۔عدالت نے اسی کیس کے ایک جوابی کیس میں قید چار دیگر کسانوں کو بھی عبوری ضمانت کا فائدہ دیا۔ ان کی ضمانت کی درخواست الہ آباد ہائی کورٹ میں زیر التوا تھی۔وہیںلائیو لا کی رپورٹ کے مطابق، آشیش مشرا پانچ لوگوں کے قتل کا اہم ملزم ہے جو مبینہ طور پر ایک گاڑی کی زد میں آگئے تھے۔تشدد کے سلسلے میں درج ایک اور ایف آئی آر بی جے پی کے دو کارکنوں اور ایک ڈرائیور کے مبینہ طور پر مار پیٹ سے متعلق ہے۔ اس ایف آئی آر کے سلسلے میں، چار کسان زیر سماعت قیدیوں کے طور پر حراست میں تھے، جنہیں عبوری ضمانت مل گئی ہے۔ ان میں گروویندر سنگھ، کیولجیت سنگھ، گرپریت سنگھ اور وچترا سنگھ نام کے کسان شامل ہیں۔












