واشنگٹن : امریکہ نے خواتین کے یونیورسٹی جانے اور این جی اوز کے ساتھ کام کرنے پر پابندی کے سبب افغانستان میں طالبان حکمران گروپ کے ارکان پر نئی ویزا پابندیاں عائد کر دی ہیں۔وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جمعرات کو ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا ‘‘میں آج افغانستان میں خواتین اور نوعمر لڑکیوں کے ساتھ ظلم کے ذمہ دار طالبان کے موجودہ اور سابق ارکان، غیر سرکاری سکیورٹی گروپوں کے ارکان اور دیگر افراد کو نئے ویزوں کے اجراء پر پابندی لگانے کے لیے کارروائی کر رہا ہوں’’۔مسٹر بلنکن نے کہا کہ طالبان نے ان کے ملک میں خواتین پر یونیورسٹی جانے اور غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ کام کرنے پر پابندی لگا دی ہے ۔ ان کے پرتشدد رویے کے پیش نظر ان پر نئے ویزے دینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ویزا پابندی سے متاثرہ افراد کے کنبے کے افراد بھی ویزا پالیسی کے دائرے میں آسکتے ہیں۔