نئی دہلی: واٹس ایپ کے ذریعہ ہندوستانی اکاؤنٹس پر گزشتہ کچھ ماہ میں بڑی تعداد میں پابندی لگائی گئی ہے اور کمپنی کی تازہ رپورٹ میں دی گئی تعداد نے ایک بار پھر لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ خبر کے مطابق واٹس ایپ کی تازہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ سال یعنی 2022 کے دسمبر ماہ میں ہندوستان میں 36.77 لاکھ واٹس ایپ اکاؤنٹس پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ حالانکہ یہ تعداد اس کے پچھلے مہینے یعنی نومبر میں کارروائی کا سامنا کرنے والے (37.16 لاکھ) اکاؤنٹس کے مقابلے میں کچھ کم ہے۔واٹس ایپ ذرائع کا کہنا ہے کہ دسمبر میں اسے صارفین کی جانب سے 1607 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جو کہ گزشتہ ماہ کی گئی 946 شکایات سے 70 فیصد زیادہ ہیں۔ اس نے مزید کہا کہ ان 1607 شکایات میں سے 1459 (91 فیصد) نے اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کی کوشش کی۔ دوسری جانب نومبر 2022 میں فعال طور پر پابندی عائد کیے گئے اکاؤنٹس کی تعداد 90000 رہی۔












