محمد زاہد امینی
نوح،میوات،4 فروری،سماج نیوز سروس: آئندہ 11 فروری سے نوح میں منعقد ہونے والے سہ روزہ تبلیغی اجتماع کو لیکر علاقہ میوات کے عوام میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے۔یاسین میو ڈگری کالج و شاہی عید گاہ نوح میں منعقد ہو رہے اس اجلاس کی تیاریاں ان دنوں جنگ پیمانے پر جاری ہیں۔آج کالج کے چیرمین وبی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی نائب صدر اور ہریانہ وقف بورڈ کے ایڈمنسٹریٹر چودھری ذاکر نے یاسین میو ڈگری کالج نوح میں واقع عیدگاہ میں پہنچ کر جلسہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر امیر تبلیغی جماعت علاقہ میوات ماسٹر ہارون صاحب، حافظ اسحاق، ماسٹر عرفان، حاجی داؤد، بابر بھائی، ہارون بھائی و بھائی محبت وغیرہ ان کے ہمراہ تھے۔چوہدری ذاکر حسین نے جلسہ کی تمام تیاریاں دیکھیں اور موقع پر ہی کالج کے پرنسپل اور محکمہ صحت عامہ کے افسران کو جلد از جلد نقائص کو دور کرنے کی ہدایت کی۔امیر جماعت ماسٹر محمد ہارون نے بتایا کہ 11 سے 13 فروری تک جاری رہنے والے اس تبلیغی جلسہ میں میوات کے سبھی 18 تبلیغی حلقوں کے علاوہ ملک بھر سےکئی لاکھ لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔ماسٹر محمد ہارون نے بتایا کہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کے لیے خاطر خواہ انتظامات کیے جا رہے ہیں۔سبھی امور کے لئے حلقوں کی زمہ داری متعین کر دی گئی ہے۔متعین کی گئی زمہ داریوں میں علماء کرام و مبلغین حضرات مصروف ہیں۔













