محمد زاہد امینی
نوح،میوات، علاقہ میوات کے عوام کو بہتر صحت مہیا کرانے کے لیے کوشاں سمائل فاؤنڈیشن این جی او کی جانب سے موضع باجد پور واقع پرائمری ہیلتھ سینٹر میں World Cancer Day کے موقع پر’کینسر بیداری کیمپ ‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں گاؤں و قرب جوار کے سینکڑوں لوگوں نے پہنچ کر کینسر جیسی خطرناک بیماری کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ یہ اطلاع کیمپ کے کنوینر ڈاکٹر محمد مستقیم نے نمائندے کو بذریعہ پریس نوٹ دی ہے۔ ڈاکٹر راہل کے احکام پر لگائے گئے اس کینسر بیداری کیمپ میں ڈاکٹرز کے ذریعہ دئے گئے مشورے سے مریض مطمئن نظر آئے۔ ماہرین کے ذریعہ کینسر کی بیماری کے بارے میں تفصیل سے جانکاری دی ۔ واضح رہے کہ ضلع کی فروزپورجھرکہ تحصیل میں گذشتہ سالوں میں کینسرکے مریضو ں میں اضافہ ہوا ہے ۔ ایک اعداد وشمار کے مطابق تحصیل فروزپورجھرکہ کے ساکرس گاؤں میں ہی گذشتہ 4سالوں میں کینسر کی بیماری سے 50سے زیادہ لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ علاقہ میں بہت تیزی سے بڑھ رہی کینسر کے مریضون کی تعداد کو لیکر فکر مند این جی او سمائل فاؤنڈیشن نے اس بیماری کو جڑ سے ختم کرنے کا بیڈا اٹھایا ہے ۔ اسی کڑی میں فاؤنڈیشن کے اعلیٰ افسران کے احکام پر واجد پور گاؤں میں یہ کیمپ منعقد کیا گیا ۔ ڈاکٹر مستقیم نے بتایا کہ سمائل فاؤنڈیشن ضلع کے کرتھلا، بسئی، دوہا و واجد پور سمیت 10 گاؤں میں بہتر صحت کے لیے کام کرہی ہے ۔ فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر س و ملازمین کے ذریعہ نہ صر ف مریضوں کو بہتر صلاح دی جارہی ہے بلکہ مریضوں کے مفت چیک اپ و دوائیں بھی دستیاب کی جارہی ہیں ۔ کیمپ کے کامیاب انعقاد میں پروین ، شیتل و محمد زاہد کا اہم رول رہا ۔












