میسور۔ ( پریس ریلیز)۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا(SDPI) میسور کے پارٹی کارکنان نے پارٹی لیڈر ابراہیم خلیل پٹھان کی قیادت میں اتر پردیش کے ساکن مہاجر مزدور اجئے سنگھ یادو جن کی گزشتہ دنوں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے موت ہوگئی تھی ان کی آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے انتظامات کیں ۔ جس کے بعد ایڈوکیٹ ابراہیم خلیل پٹھان نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ متوفی اجئے سنگھ یادو میسور کے ستیا نگرمیں کام کررہے تھے، انہیں گزشتہ رات دل کا دورہ پڑا تھا اور ان کی موت واقع ہوگئی اور ان کے بیٹے اور ساتھی ان کے آخری رسومات کے تعلق سے پریشان تھے۔ اس کی اطلاع انہیں وارڈ لیڈر سمیع اللہ خان نے مجھے دی۔ جس کے بعد میں نے اس معاملے کی جانکاری ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر عبدالمجید کو دی ۔ عبدالمجید نے مجھے متوفی اور ان کے ساتھیوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت دی۔ جس کے بعد ہم پارٹی کارکنان نے ملکر متوفی اجئے سنگھ کی آخری رسومات کا انتظام کیا۔ پارٹی لیڈران متوفی اجئے سنگھ کی میت کو بذریعہ فلائٹ گاؤں بھیجنے کیلئے بھی تیار تھے۔لیکن اجئے سنگھ کے بیٹے نے درخواست کی کہ ان کے آخری رسومات یہیں کردیئے جائیں ۔ جس کے بعدایس ڈی پی آئی کارکنان نے اجئے سنگھ یادو کی ارتھی کو کاندھا بھی دیا ان کی آخری رسومات میں شریک رہے۔ علاقے کے لوگوں اور اجئے سنگھ یادو کے بیٹے اور ساتھیو ںنے ایس ڈی پی آئی کارکنان کی اس مدد کا شکریہ ادا کیا اور ان کے اس خدمات کی سراہنا کی۔ابراہیم خلیل پٹھان نے آخری رسومات میں شریک تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی پی آئی بلا لحاظ مذہب و ملت کام کرنے والی پارٹی ہے۔ کورونا کی وجہ سے کرناٹک میں جو اموات ہوئیں ان کی بلا لحاظ مذہب و ملت آخری رسومات اد اکرنے میں ایس ڈی پی آئی کے کارکنان نے بلا خوف و خطر بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور سینکڑوں نعشوں کو سپردخاک کیا۔ اسی طرح کورونا کے دوران ہزاروں افراد کو غذائی اجنا س کے کٹس اور سینکڑوں مریضوں کو آکسیجن فراہم کیا۔












