کانپور:۔ اہل ایمان اللہ اور نبیؐ کی بات پر کامل یقین رکھتے ہیں ۔ انسانی عقل اللہ ہی کی بنائی ہوئی ہے ۔ اللہ اور نبیؐ کی کوئی بات اور شریعت کا کوئی حکم عقل کے خلاف نہیں ہے۔ لیکن بعض نام نہاد مدعیان عقل کل اسلام کو اپنی ناقص عقل پر پرکھنے کی کوشش کرتے ہیں اورد ھوکہ کھاتے ہیں ۔ حضرت محمد مصطفیﷺ کا تاریخی سفر معراج قرآن و حدیث کے دلائل سے ثابت شدہ ہے لیکن بعض عقل پرست لوگ شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں ان کے شکوک و شبہات کو دورکرنے ، غلط فہمیوں کا ازالہ کرنے اور قرآن و سنت و آثار صحابہؓ سے اس واقعہ کو ثابت کرنے کے لئے جمعیۃ علماء شہر کانپور کی جانب سے گزشتہ ایک صدی سے سہ روزہ اجلاس معراج النبیؐ رجب کے مہینہ میں منعقد کئے جاتے ہیں۔ سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی یہ اجلاس مورخہ25،26،27؍ رجب المرجب 1444ھ مطابق 17،18،19؍فروری2023ء بروز جمعہ ،سنیچر، اتوار شہر کے مشہور میدان رجبی گراؤنڈ پریڈ میں منعقد ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ کانپور میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کرتے ہوئے جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت کانپورنے فرمایا کہ یہ اجلاس شہر کانپور کی روایات میں خاص شناخت رکھتے ہیں اور ماہ رجب میں ہونے والے اس سہ روزہ اجلاس معراج النبیﷺ کی وجہ سے پریڈ گرائونڈ کو رجبی گرائونڈ کہا جاتا ہے۔ مولانا نے بتایاکہ اجلاس میںضیغم اسلام حضرت الحاج مولانا مفتی محمد راشد صاحب اعظمی قاسمی مدظلہ استاذ حدیث دار العلوم دیوبند، پیر طریقت حضرت الحاج مولانا مفتی عبد الرحمن صاحب نقشبندی استاذ حدیث جامعہ قاسمیہ مدرسہ شاہی مراد آباد، بزرگ عالم دین حضرت الحاج مولانا اسلام الحق اسجد صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء وسطی اتر پردیش و مہتمم ادارہ محمودیہ قصبہ محمدی ضلع لکھیم پورکے علاوہ مقامی علمائے کرام میں واعظ خوش بیاں حضرت الحاج مولانا خلیل احمد صاحب مظاہری امام و خطیب جامع مسجد لال بنگلہ ودیگرعلماء تشریف لا رہے ہیں۔ سہ روزہ اجلاس کے تیسرے روز1:30بجے دن میں خواتین کا خصوصی جلسہ ’’بچوں کی دینی تعلیم و تربیت و خواتین کی ذمہ داریاں‘‘کے عنوان سے ہوگا ۔جس میں پردہ کا معقول انتظام رہے گا اسی دن بعد نماز عشاء مشاعرہ نعت ومدح صحابہؓ منعقدکیا جائے گا۔ جس میں جناب ڈاکٹر شمیم رامپوری، جناب یقین فیض آبادی، جناب تابش ریحان مئو ، جناب اسعد اعظمی اعظم گڑھ، جناب کلیم طارق سیدن پوری، جناب فاروق عادل لکھنوی، جناب اشفاق بہرائچی، جناب مفتی طارق جمیل قنوجی، جناب فہیم پہانوی، جناب سجاد اعظم لکھیم پوری ، جناب حافظ وسیم احمد بہرائچی، جناب مولانا عبد اللہ قاسمی بارہ بنکی کے علاوہ شہر وبیرون شہر کے مقبول اور منتخب شعراء شرکت فرمائیں گے۔ اجلاس میں حضرت الحاج مولانا مفتی اسعد الدین صاحب قاسمی ناظم امارت شرعیہ ہند و حضرت الحاج مولانا محمد اکرم صاحب جامعی نائب صدر جمعیۃ علماء شہر کانپور جبکہ مشاعرہ میں معروف ناظم مشاعرہ مجاہدحسنین حبیبی سیتامڑھی نظامت کے فرائض انجام دیں گے۔ مولانا نے اپیل کی ہے کہ سبھی لوگ خود بھی شرکت فرمائیں اور خواتین کے اجلاس میں اپنے گھر کی عورتوں کو ضرور بھیجیں ۔دینی ماحول کو بہتر بنانے میں خواتین کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے۔ اس حقیقت کو سمجھیں اور اپنے بچوں کی بہترین تربیت کیلئے خواتین کو بیدار کریں ۔خواتین کو دینی باتوں سے واقف کرانا وقت اور حالات کاتقاضہ ہے۔ شہری جمعیۃ علماء کے صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں نے بتلایا کہ اجلاس کی تیاریوں کے لئے قائم رابطہ عامہ کمیٹی رابطہ علماء کمیٹی مالیاتی کمیٹی اور پنڈال کمیٹی سب اپنے اپنے کاموں میں مصروف عمل ہیں۔ ڈاکٹر صاحب نے اجلاس کو کامیاب بنانے کیلئے کثیرتعداد میں مع احباب شرکت اور وقت کی پابندی کا لحاظ رکھنے کی اپیل کی ہے۔ پریس کانفرنس میں مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی اور شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں کے ساتھ شہری نائب صدور مولانا محمد اکرم جامعی، مولانا نور الدین احمد قاسمی ،سکریٹریان زبیر احمد فاروقی،شارق نواب و دیگر ذمہ داران موجود تھے۔












