نئی دہلی ،راجدھانی دہلی کے ضلع دوارکا کا بابا ہری داس نگر تھانہ علاقہ اتوار کی صبح گولیوں سے گونج اٹھا۔ فائرنگ کرنے والا 19 سالہ لڑکا تھا جسے موقع پر موجود لوگوں نے اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ دہلی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی ہے۔ معلوم ہوا کہ وہاں کئی راؤنڈ گولیاں چلائی گئیں۔ ایک شخص کو دو گولیاں بھی لگیں۔ زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی حالت فی الحال خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔اس معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے ڈی سی پی دوارکا ایم ہرش وردھن نے کہا کہ بابا ہری داس نگر تھانہ علاقہ کی سبزی منڈی میں صبح پانچ بجے فائرنگ کی گئی۔ جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ وہاں پتہ چلا کہ راہل نامی 19 سالہ نوجوان کو لوگوں نے پکڑ لیا ہے۔ اس کے پاس پستول بھی تھا۔ دریں اثناءزخمی شخص کی شناخت 42 سالہ راجیو کے طور پر کی گئی ہے۔ ان کے جسم کے پچھلے حصے میں گولی لگی ہے، انہیں قریبی نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ فی الحال ان کی حالت مستحکم ہے۔ تفتیش میں پولیس کو معلوم ہوا کہ فائرنگ کا واقعہ رقم کے لین دین پر جھگڑے کی وجہ سے پیش آیا۔ ان دونوں کے درمیان رقم کے لین دین کو لے کر گزشتہ 5 سال سے تنازع چل رہا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں بابا ہری داس نگر پولیس اسٹیشن میں قتل کی کوشش (30734 آئی پی سی) اور 2527 آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ فی الحال مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔پولیس کو یہ بھی پتہ چلا کہ راہل پہلے سے منصوبہ بنا کر آیا تھا۔ صبح جب راجیو بابا ہری داس نگر کی سبزی منڈی پہنچتا تو موقع دیکھتے ہی راہل اس پر حملہ کر دیتا۔ اس نے گولی مار کر بدلہ لینے کےلئے سوچا تھا۔ اسی منصوبے کے تحت اس نے راجیو پر گولی چلائی۔ خوش قسمتی سے راجیو کی جان بچ گئی۔ حالانکہ دو گولیاں اسے ضرور لگیں اور اس سے پہلے کہ گولی اسے لگ جاتی، سبزی منڈی میں لوگوں کے ہجوم نے راہل کو پکڑ لیا اور راجیو کی جان بچائی۔ پولیس اس معاملے میں راہل اور راجیو کے گھر والوں سے بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ پورے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔آخر کار پیسے کے لین دین کا اتنا بڑا مسئلہ تھا کہ بات یہاں تک پہنچ گئی کہ راہل کو راجیو کو گولی مارنی پڑی۔












