ناندیڑ ۔ آج امت کے نونہالوں کوالحاد وارتداد سے بچانے کا صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ ہے ’’مکاتب کا قیام۔‘‘ مکاتب کی آج بے حد ضرورت ہے ہم ان کے ذریعہ ہی آنے والی نسل کے ایمان و یقین کی حفاظت کرسکتے ہیں،اس دور میں مکاتب کا قیام ایک نعمت غیر مترقبہ ہے۔ مکاتب ہماری بنیاد ہیں یہ اسلامی سماج کیلئے ریڑھ کی ہڈی کے مانند ہیں یہ بڑی اہمیت کے حامل ہیں انہیں کسی حال نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ایک اچھے معاشرہ کی عمارت انہیں پرکھڑی ہے ان خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء کے زیر اہتمام تعلقہ ماہور ضلع ناندیڑ میں دینی تعلیمی بیداری مہم کے تحت مکاتب کے بچوں کی نکالی گئی ریلیوں سے علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مشترکہ طور پرمکاتب دینیہ کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ مکاتب اگرچہ کہ ڈیڑھ یا دو گھنٹے کام کرتے ہیں لیکن اس سے بچوں کی ذہنی اور اخلاقی نشو ونما ہوتی ہے۔ بچوں کے ذہنوں میں اللہ اور اس کے رسول کا نام راسخ ہوتا ہے مکاتب معاشرہ کی بالیدگیوں کو دور کرکے سماج میں اسلام کی راہ ہموار کرتے ہیںاور تحفظ ایمان کا ذریعہ بنتے ہیں۔
اس وقت مہاراشٹر کے تمام اضلاع اور تعلقوں میں دین کی بنیادی تعلیم کی اہمیت و افادیت سے عوامالناس میں بیداری پیدا کرنے کے لئے آل انڈیا دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند کے حکم پر حضرت مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب ( صدرجمعیۃ علماء مہا راشٹر) کی ہدایت کے مطابق ریاست بھر میں دینی تعلیمی بیداری مہم چلا رہی ہے تاکہ کوئی گھر ایسا باقی نہ رہے جو دین کی تعلیم سے محروم ہو۔اسی بابت گذشتہ دنوں جمعیۃ علماء تعلقہ ما ہور ضلع ناندیڑ کے زیر اہتمام ماہور،گونڈورسہ ،وائی بازار اور کئی ایسے دیہات جہاں مکاتب قائم ہیں منظم پیمانے پر بچوں کی ریالیاں نکالی گئیں اور اس کے ذریعہ یہ پیغام دیا گیا کہ مکتب کا جو نظام ہے ،اللہ کا انعام ہے ،تعلیم سے جو دورہے ،زندگی اس کی بے نور ہے ،جہالت ایک مرض ہے ،دین سیکھنا فرض ہے ارتداد وہاں محال ہے ،جہاں مکاتب کا جال ہے ،آئو مل کر کام کریں مکاتب کا نظام عام کریں۔ان ریلیوں کے انعقاد و انتظام میں مولانا ثناء اللہ مظاہری صاحب ( صدر جمعیۃ علماء تعلقہ ماہور ) مفتی شفیع قاسمی ،مولانا عبد الوکیل قاسمی گونڈورسہ ،حافظ مدثر ، ڈاکٹر عبد الکریم ، مجاہد خان ،عارف خان ،مولانا احمد وائی بازار ،حاجی عثمان مولانا یونس شہر صدر ماہور سید عظیم الدین جنرل سکریٹری صدام بھائی و دیگر پیش پیش تھے ۔












