نئی دہلی؍امرتسر، پنجاب کے خالصتان حامی بھگوڑے امرت پال سنگھ کا پولس کو آج تک کوئی سراغ ہاتھ نہیں لگ سکااوروہ پولس کی گرفت سے دور ہے جبکہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ پنجاب پولس اس کی سرگرمی سے تلاش کررہی ہے ۔وہیںاس معاملے میں آج سماعت کے دوران پنجاب ، ہریانہ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو سخت لتاڑ لگائی اور کئی سوال پوچھے۔ ہائی کورٹ نے امرت پال کو چھیڑی گئی مہم میں پولس کی ناکامی پربرہمی ظاہر کرتے ہوئے پوچھا کہ پنجاب پولس کے 80ہزار جوان کیا کررہے ہیں؟۔ عدالت نے کہا کہ اب تک امرت پال فرار ہے ،یہ پنجاب پولس کی صریح ناکامی ہے،اور پولس کا خفیہ نظام پوری طرح سے فیل ہے !۔ عدالت نے پنجاب حکومت کو اس معاملے میں اب اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔ ادھر اپنی صفائی میں پنجاب پولس کا کہنا تھا کہ امرت پال پر نیشنل سیکورٹی ایکٹ (این ایس اے ) لگا دیا گیا ہے ۔پنجاب پولس نے کہا، غیر ملکی فنڈنگ کے علاوہ، ہمیں امرت پال سنگھ پر پاکستان کی آئی ایس آئی کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ ملزمان حوالاتی چینلز بھی استعمال کر رہے تھے۔ پولس کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ثبوت ہیں کہ ملزمان امرت پال کے قریبی ساتھیوں سے مل کر’آنند پور خالصہ فوج‘ (AKF) تشکیل دے رہے تھے۔ پولس کے مطابق امرت پال اور اس کے ساتھیوں کے خلاف درج چھ ایف آئی آر میں غیر قانونی ہتھیار رکھنا، پولس کے کام میں رکاوٹ ڈالنا اور پولس پر حملہ کرنا شامل ہے۔دوسری جانب پنجاب میں امن و امان کی صورتحال پر عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال کا کہنا ہے کہ ’ہم محب وطن لوگ ہیں، ہمیں بھارت ماتا سے پیار ہے اور اگر کوئی بھارت ماتا کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کرتا ہے تو اسے بخشا نہیں جائے گا۔ پچھلے کچھ دنوں میں بھگونت مان کی حکومت اور عام آدمی پارٹی کی حکومت نے پنجاب میں امن کی بحالی کے لیے کئی سخت اقدامات کیے ہیں۔انہوںنے سابقہ حکومت پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ہمیں وہ نظام ملا، جس میں سیاسی لوگوں کے ساتھ مجرموں کی جگل بندی تھی اور بدمعاشوں اور مجرموں کو پہلے سیاسی تحفظ دیا جاتا تھا۔ بتادیں کہ اس معاملے پر اب چار دن بعد پھر سنوائی ہوگی۔واضح رہے کہ اس معاملے میں امرت پال کے 7حامیوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ امرت پال کے گرفتار کئے گئے چچا ہرجیت سنگھ کے خلاف بھی سخت قانون کے تحت مقدمہ درج کیے جانے کا امکان ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق امرت پال سنگھ کے چار ساتھی دلجیت سنگھ کلسی، بھگونت سنگھ، گرمیت سنگھ اورباجیکاکو آسام کی ڈبرو گڑھ جیل میں رکھا گیاہے۔












