دیوبند، قصبہ کاندھلہ میں واقع جامعہ قاسم العلوم کی شاخ عائشہ للبنات کا سالانہ امتحان مولانا سلطان رشیدی بونٹوی کی دعا پر اختتام پذیر ہوا۔ امتحان میں ممتاز نمبرات سے کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اسی مناسبت سے مولانا سید بدر الہدیٰ قاسمی کے زیر صدارت منعقدہ تقریب کا آغاز نسرین خاتون کی تلاوت اور فاطمہ کی نعت نبی سے ہوا۔ نظامت مولانا سید مظہر الہدی قاسمی نے کی۔ اس موقع پر مولانا سلطان رشیدی بونٹوی نے کہا کہ صنف نازک کی تعلیم سے قوم ہنوز پوری طرح بیدار نہیں ہوئی ہے، البتہ کروٹ ضرور لی ہے جس کے بہتر نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بچوں کے تعلیم کے بارے دیہی علاقے بہت ہی پیچھے ہیں۔ مولانا سید بدرالہدی قاسمی نے کہا ایک تعلیم یافتہ بچی پورے خاندان کے لیے نور اور روشنی کا بڑا ذریعہ بن جاتی ہے، جب کہ ناخواندگی سے ظلمت کا شکار ہونے کا اندیشہ بنا رہتا ہے۔ تقریب کی نظامت کر رہے مولانا سید مظہر الہدی قاسمی نے علاقہ کی تعلیمی حالت پر روشنی ڈالی۔ یہ امتحان طوبی فلک ہاشمی کی زیرنگرانی میں سمیہ صالحاتی، مصباح صالحاتی، گلستاں معارفی اور منتشی صالحاتی نے لیا۔ امتحان میں صوفیہ،سہانہ، شاہین، صادقہ اور فرحہ نے اپنے اپنے درجات میں با ترتیب اول دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی۔ شرکاءمیں گزار انصاری، بھائی وسیم قاری مدثر، ماسٹر رضوان، رابعہ فاطمی، زینت، ماسٹر کاشف وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔












