نئی دہلی ، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں نے سبھی اہل وطن کو رمضان المبارک کی مبارکباد دی ہے اور کہا کہ یہ مبارک و مقدس مہینہ ہے یہ بہت پاک مہینہ ہے۔ یعنی اچھے کام اور نیکیاں کرنے کا مہینہ ہے، نماز روزہ، تلاوت قرآن و زکوۃ ادا کرنے کامہینہ ہے۔ غرباءو مساکین کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنے کا مہینہ۔روزہ رکھنے سے ہمیں دوسروں کی بھوک پیاس کا احساس ہوتاہے۔ یہ خود احتسابی کا مہینہ ہے روزہ اپنے آپ پر قابو کرنے کے لیے ایک مہینے کی ورکشاپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدس مہینے میں آپسی بھائی چارے اور یکجہتی کو زیادہ سے زیادہ بڑھاوا دینا چاہیے۔ کوثر جہاں نے بتایا کہ حج2023ءکے لیے درخواست جمع کرنے کا عمل اختتام پذیر ہو چکا ہے اب عازمین حج کا بذریعہ قرعہ اندازی انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔اس کی اطلاع سب ہی عازمین حج کو جلد ہی دے دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حج 2023کے تعلق سے سبھی کام تیزی سے جاری ہیں۔












