سرینگر ، پی ڈی پی ، نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو پر ایک مرتبہ پھر سخت تنقید کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سیکرٹری اور جموں و کشمیر یو کے انچارج ترون چگ نے تینوں جماعتوں نے اپنے 70 سالہ طویل اقتدار کے دوران جموں و کشمیر کے وسائل کو لوٹا اور یہی جماعتیں جموں کشمیر میں حالات خراب کرنے اور انتشار پھیلانے کیلئے ذمہ دار ہے ۔ تفصیلات کے مطابق چندی گڑھ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر اور جموں کشمیر انچارج ترون چھگ نے کہا کہ کانگریس، نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی جموں و کشمیر میں تین دہائیوں سے زیادہ طویل انتشار کے لیے مکمل طور پر ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی غلط اور عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے تھا جس نے جموں و کشمیر کو آگ میں ڈال دیا۔ چگ نے کہا کہ یہ تینوں جماعتیں نہ صرف کشمیری پنڈتوں کے بڑے پیمانے پر نقل مکانی کیلئے ذمہ دار ہیں جو کہ وادی میں ایک چھوٹی سی اقلیت ہے بلکہ لوگوں کو اپنے سیاسی مقاصد کیلئے ایک دوسرے کا حریف بھی بناتی ہے۔ستیہ گرہ شروع کرنے کے بارے میں بات کرنے پر ان جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے چھگ نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے اور کوئی بھی قانون کی حکمرانی کی خلاف ورزی کرتا ہے اور اپنے آپ کو ماورائے آئینی اختیار سمجھتا ہے، اسے قانون کے تحت کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ جن خاندانی پارٹیوں نے ملک اور جموں و کشمیر پر 70 سال تک حکومت کی وہ اب بھی یہ سمجھتی ہیں کہ ان کے خاندان قانون سے بالاتر ہیں لیکن یہ ان کی بڑی غلطی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں سمجھنا چاہئے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے اور انہیں اب ملک کے قانون کا احترام کرنا سیکھنا چاہئے۔کانگریس پارٹی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے ذریعہ ایک مخصوص ذات پر تبصرہ کرنا ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس ذات کی توہین ہے۔












