نئی دہلی ، جعفر آباد کے مین روڈ پر واقع منہاج انور کی رہائش گاہ پر سات روزہ نماز تراویح کے دوران قرآن شریف کی تکمیل حافظ محمد افضل نے کی جبکہ سامع کے طور پر محمد عمر فاروق تھے۔دونوںحفاظ کو صاحب خانہ کی طرف سے دس دس ہزار روپے ، کپڑے اور قرآنی نسخہ دیا گیا ۔اس موقع منعقدہ دعائیہ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی ظفر احمد قاسمی(نائب صدر جمعیتہ علما ہند اتر پردیش) نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ قرآن شریف کی تعلیم و تلاوت کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور اسی میں دونوں جہان کی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان کے ہر گھر میں حافظ قرآن ہونا چاہئے جس کے لئے مسلمانوں کو مدارس اسلامیہ سے وابستگی اختیار کرنا بہت ضروری اور جب رمضان المبارک کا مہینہ آئے تو جگہ جگہ نماز تراویح کا اہتمام ہو تاکہ زیادہ سے زیادہ حفاظ کو نماز تراویح میں قرآن شریف سننے اور سنانے کا موقع فراہم ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے رمضان تراویح میں قرآن پڑھنا سنت ہے مگریہ الگ بات ہے کہ چند تراویح میں قرآن شریف مکمل کرلیا جاتا ہے لیکن جو لوگ چند دنوں کی تراویح میں قرآن شریف سن کر پھر تراویح نہیں پڑھتے ان کا یہ عمل سنت رسول کی خلاف ورزی ہے۔صاحب خانہ منہاج انور نے کہا کہ اصحاب حیثیت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنے طور پر گھروں ،کارخانوں اور فیکٹریوں میں نماز تراویح کا اہتمام کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ مدارس اسلامیہ انسان بنانے کی فیکٹریاں ہیں جہاں سے حافظ قاری ، عالم ،مفتی ،مفکر ،مفسر بن کر نکلتے ہیں اورخود کو قوم کی خدمت کے لئے وقف کردیتے ہیںجس سے مسلمانوں اور اسلام کا تحفظ ہوتا ہے۔ مفتی ظفر احمد نے ملک کی سلامتی ،تحفظ و بقا اور امن وامان کیلئے دعا کرائی اور مجلس کا اختتام ہوا ۔












