نئی دہلی، دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انیل کمار نے کہا کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات سے دہلی کو ایک بار پھر خطرہ لاحق ہے۔ راجدھانی میں کووڈ تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس کے تئیں عام آدمی پارٹی کی دہلی حکومت پوری طرح سے لاتعلق ہے، جب کہ گزشتہ 15 دنوں میں دارالحکومت میں ایکٹو کیسز کی تعداد 9 گنا بڑھ گئی ہے۔ کل تک انفیکشن کی شرح 12.48 فیصد ہے جبکہ ٹیسٹنگ کا عمل فی الحال صرف 2-3 ہزار کی تعداد میں ہو رہا ہے۔ دہلی کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے ریاستی صدر نے کہا کہ سبھی کو کووڈ پروٹوکول پر عمل کرنا چاہیے تاکہ کووڈ کے تباہی سے بچ سکیں اور ماسک پہن کر گھر سے باہر نکلیں۔چودھری انل کمار نے کہا کہ ایک طرف وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا یہ بیان کہ مکمل ویکسین شدہ افراد بھی اس وقت پائے جانے والے کووڈ ویرینٹ کا شکار ہو سکتے ہیں، یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ نیا کووڈ وائرس کتنا خطرناک ہے۔ دوسری جانب دہلی حکومت کے وزیر صحت سوربھ بھردواج کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی گھبراہٹ کی صورتحال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت کے بیانات میں تضاد اور لاپرواہی سے دہلی کو کووڈ انفیکشن کے خطرے میں نہیں ڈالنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اروند کیجریوال حکومت دہلی میں کورونا کو لے کر سنجیدہ نہیں ہے، دہلی والوں کو خود کووڈ کو لے کر سنجیدگی دکھانی ہوگی۔چودھری انل کمار نے کہا کہ ماہرین صحت کی رائے یہ ہے کہ موجودہ کووِڈ ویرینٹ بیماری کے اضافے کو بڑھا سکتا ہے کیونکہ ٹیسٹ کیے گئے نمونوں میں سے 48 فیصد میں کووِڈ خطرناک قسم پایا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے نوٹس میں لائے جانے کے باوجود، کووڈ کے خطرے سے لڑنے کے لیے انتظامات کرنے کے بجائے، وزیر صحت کا یہ کہنا کہ صورتحال پوری طرح سے سنگین نہیں ہے، دہلی حکومت کی بے حسی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کو اس کو سنجیدگی سے لینا چاہئے اور دہلی بھر میں بیداری مہم چلانی چاہئے تاکہ لوگ کووڈ کے بڑھتے ہوئے انفیکشن سے واقف ہوں۔












