بانگرمؤ، بانگرمؤ کے محلہ ہٹیا ساکن سابق چیئرمین اظہار خان گڈو کی رہائش گاہ پر گذشتہ شب نماز تراویح میں حافظ حسنین ساکن موضع حیات نگر بھونرا نے قرآن پاک کی تکمیل کی۔ نماز کے بعد ملک میں امن و امان، ملک کی خوشحالی و آپسی پیار و محبت کی دعائیں کی گئیں۔ اس کے بعد چیئرمین اظہار خان گڈو نے اپنی رہائش گاہ پر موجود لوگوں کو ہینڈ بیگ کی شکل میں گفٹ پیک دیکر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ دعا کے بعد سابق چیئرمین اظہار خان گڈو نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ نہ صرف رحمتوں، برکتوں کا مہینہ ہے۔ بلکہ یہ مہینہ بھائی چارگی، پیار و محبت، اخوت و رواداری کا بھی درس دیتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پوری دنیا کی کہانی بھوک پیاس اور انسانی خواہشات کے ارد گرد گھومتی ہے اور روزہ ان تینوں چیزوں کو قابو میں رکھنے کا درس دیتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جہاں ہم عید الفطر کے موقع پر عمدہ عمدہ پکوان و لباس زیب تن کرتے ہیں تو ایسے موقع پر ہم اپنے گاؤ ں، قصبہ و پڑوس میں دیکھیں کہ ہمارا کوئی بھائی تنگ دستی کا شکار تو نہیں ہے۔ اگر کوئی شخص پریشان حال، کمزور و بے سہارا نظر آئے تو ہم اس کا دست بازو بنیں۔ اس موقع پر فیصل بلال جامعی، مولانا محمد معصوم، مولانا عبدالوارث جامعی، حافظ اسلام الدین، حافظ لعل محمد، ثاقب حسین، معین الدین خان عرف مینو، سراج انصاری، حافظ احتشام، محمد شمشاد عرف ننکھے بھائی، انور قریشی سمیت کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے۔ آخر میں چیئرمین اظہار خان گڈو نے اشیاءسے بھرا ہوا بیگ گفٹ دیکر سبھی مصلیان کی حوصلہ افزائی کی۔












