دہلی، راہل گاندھی کی پارلیمانی رکنیت منسوخ کئے جانے اوران پر ہورہی زیادتی کے خلاف آئندہ ۵اپریل کو پرانا سینٹرل بینک سیلم پور مارکیٹ میں پرینکا گاندھی عوام سے خطاب کریں گی۔اسی بابت ضلع بابر پور کانگریس کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ نزد باغ والی مسجد موج پور میں منعقد ہوئی جس کی صدارت ضلع صدر چودھری زبیر احمد اور نظامت دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے ڈیلی گیٹ سید ناصر جاوید نے کی۔مہمانان خصوصی کی حیثیت سے سابق وزیر تعلیم دہلی سرکار اروندر سنگھ لولی اور جمنا پار وکاس بورڈ کے سابق چیئر مین نریندر ناتھ نے شرکت کی۔دیگر مہمانوں میں سابق ارکان اسمبلی چودھری متین احمد ،ویر سنگھ دھینگان ،بھیشم شرما ،وپن شرما ،کونسلر حاجی ظریف احمد اور سنیل کمار نے شرکت کی۔اروندر سنگھ لولی نے کہا کہ مرکزی حکومت راہل گاندھی پر اس لئے زیادتی کررہی ہے کہ وہ سچ کی آواز بلند کررہے ہیں مگر معلوم ہونا چاہئے کہ جس کی رگوں میں اندرا گاندھی اورراجیوگاندھی کا خون دوڑ رہا ہو وہ کیسے خاموش بیٹھ سکتا ہے۔ ہم کانگریسی بھی راہل گاندھی کےلئے ہر محاذ پر کھڑے رہے ہیں کھڑے رہیں گے اور مرکزی حکومت کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر سوال پوچھتے رہےں گے۔اسی حق کی آواز کو مزید تیز کرنے کےلئے آئندہ پانچ اپریل کو دوپہر دوبجے سیلم پور میں پرینکا گاندھی آرہی ہیں جو عوام سے خطاب کریں گی لہٰذا ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے اپنے طور پرپروگرام کو کامیاب بنانے کےلئے کوشش کریں۔ڈاکٹر نریندر ناتھ نے کہا کہ اس میٹنگ میں ضلع بابر پور کے اہم لیڈران و عہدیداران شریک ہیں اور جو جوش وجذبہ دیکھنے کو مل رہا ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ5اپریل کو جو آواز بلند ہوگی وہ گونگی بہری مرکزی حکومت کی نیند اڑانے کا کام کرے گی۔ دیگر موجود لیڈران نے اپیل کی کہ چونکہ راہل گاندھی حق و انصاف کی لڑائی سڑک سے لے کر ایوان پارلیمنٹ تک لڑ رہے ہیں اور اسی خوف کا نتیجہ ہے کہ مودی حکومت نے سازش رچ کر سرکاری ایجنسیوں اور عدالت کا سہارا لیا اورسز ا تک سنا ڈالی اور پارلیمانی رکنیت منسوخ کردی اسی کے خلاف آپ لوگ جوش و خروش کے ساتھ سیلم پور پہنچ کر مودی حکومت کو احساس کرائیں کہ راہل تنہا نہیں ہیں بلکہ کانگریس کا ایک ایک شخص ان کے ساتھ ہے۔اہم شرکا میں ریاست ساحل، ریاض الدین راجو،ونود شرما، چودھری اجیت سنگھ ، راجکمار شرما، چودھری نٹو سنگھ،سنجے گوڑ، نفیس ملک،سنجے گپتا،موہن پہلوان، ونود، خالد خان،حاجی غفران،شہزاد خان، شاداب حسن،اشتیاق شیخ،ضرار احمد ،چودھری دیونند، محمد عاقل،فیروز خان،نوید پپو،محمد علی،ظفر چودھری ،مکیش پنچال،بھارت بھوشن اور مینک چترویدی کے نام شامل ہیں۔












