نئی دہلی ، اسکوٹی پر سوار ایک خاتون آوارہ کتوں کے تعاقب کے بعد حادثے کا شکار ہوگئی۔ خاتون اسکوٹی چلا رہی تھی کہ آوارہ کتوں نے اس کا پیچھا کیا۔ ایسے میں خاتون اسکوٹی پر سے کنٹرول کھو بیٹھی اور اسکوٹی ایک کار سے ٹکرا گئی۔ اسکوٹی پر کل تین لوگ سوار تھے۔ جس میں ایک بچہ بھی تھا۔ یہ حادثہ پیر کو برہم پور میں پیش آیا۔ آوارہ کتوں کی جانب سے خاتون کا پیچھا کیا جا رہا تھا جس کی وجہ سے خاتون اپنی توجہ کھو بیٹھی اور اس کی اسکوٹی سڑک کے کنارے کھڑی کار سے ٹکرا گئی۔اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ تصادم کی وجہ سے اسکوٹی میں بیٹھے تمام لوگ ہوا میں اچھل کر سڑک پر بری طرح گر گئے۔ حادثے کے بعد کتا وہاں سے بھاگ گیا۔میڈیاکے مطابق بچے اور دونوں خواتین کو متعدد چوٹیں آئی ہیں۔ خواتین کی شناخت اوڑیسہ ٹی وی نے سپریا اور سمیتا کے طور پر کی ہے۔ اوڑیسہ ٹی وی سے بات کرتے ہوئے اسکوٹی پر سوار ایک خاتون نے کہا کہ "ہم صبح تقریباً 6 بجے مندر جا رہے تھے کہ تقریباً چھ سے آٹھ کتے ہمارا پیچھا کرنے لگے۔ میں نے اسکوٹر کی رفتار بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ دوسری جانب دوسری خاتون کا کہنا تھا کہ اگر ہم بجلی کے کھمبے یا کسی اور چیز یا نالے سے ٹکراتے تو حادثہ جان لیوا ہوسکتا تھا۔اسکوٹی پر سوار خاتون اور بچہ دونوں ہیلمٹ کے بغیر تھے۔ ایسے میں کئی ٹویٹر صارفین نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تینوں ہیلمٹ کے بغیر تھے، انہیں شدید چوٹ کا خطرہ زیادہ تھا۔ جبکہ کچھ صارفین نے برہم پور میونسپل کارپوریشن کو ٹیگ کیا اور کارروائی کا مطالبہ کیا۔












