نئی دہلی،
راجستھان میں گہلوت حکومت کے کام کے طور طریقوں سے ناراض چل رہے سچن پائلٹ کو کانگریس سے بھی مایوسی ہاتھ لگی ہے ۔کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس پارٹی نے انتخابی مہم چلانے والوں کی جو لسٹ جاری کی ہے اس میں سچن پائلٹ اور نوجوت سنگھ سدھو کا نام نہیں ہے۔کانگریس کے اس فیصلے سے سچن پائلٹ کافی مایوس نظر آرہے ہیں ،کیونکہ کانگریس کا یہ فیصلہ ان کے گہلوت حکومت سے گلوں شکوں کو مزید بڑھا سکتا ہے۔ بتادیں کہ جنوبی ہند کی ریاست کرناٹک میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس پارٹی نے انتخابی مہم چلانے والوں کی فہرست جاری کردی ہے۔ تاہم سچن پائلٹ اور نوجوت سنگھ سدھو کا نام فہرست میں شامل نہیں ہے۔جبکہ انتخابی مہم کے ستاروں کی تازہ فہرست میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، ڈی کے شیوکمار، سدارامیا، کے سی وینوگوپال، رندیپ سنگھ سرجیوالا سمیت 40 لوگوں کے نام شامل ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت، ہماچل پردیش کے وزیر اعلی سکھوندر سنگھ سکھو، محمد اظہر الدین، راج ببر اور کنہیا کمار بھی شامل ہیں۔کانگریس کا یہ جھٹکا سچن کو اس وقت لگا ہے جب حال ہی میں راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائل نے پارٹی کی وارننگ کے باوجود اشوک گہلوت حکومت کے خلاف انشن پر چلے گئے تھے۔اس قدم کے بعد راجستھان میں کانگریس کے اندرونی اختلافات کی بحث پھر سے زوروں پر ہے۔ دوسری جانب نوجوت سنگھ سدھو کو روڈ ریج کیس میں جیل کی سزا کاٹنے کے بعد رواں ماہ رہا کیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ کرناٹک میں 10 مئی کو اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ ہونی ہے جہاں نتائج کا اعلان 13 مئی کو کیا جائے گا۔












