سرینگر، وادی کشمیر میں دگرگوں موسمی صورتحال کے چلتے دوران شب ایک مرتبہ پھر پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی جبکہ میدان علاقوں میں جم کر بارشوں سے موسم سرد ہوا اور درجہ حرار ت میںکافی کمی درج کی گئی ۔ اسی دوران بارشو ں کے نتیجے میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ مسلسل بارشوں کے باعث معمول کی زندگی بھی متاثر رہی ۔ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24گھنٹوں کے دورن وادی کشمیر میں مزید بارشیں ہونے کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے 20سے 22اپریل تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔تفصیلات کے مطابق وادی کشمیر میں خراب موسمی صورتحال کے چلتے بالائی علاقوں میںہلکی اور تازہ برفباری سے موسم سرد ہوا ۔ سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں جم کر بارشوں کے بیچ شہر آفاق گلمرگ ، پہلگام ، گریز اور سونہ مرگ میں سمیت وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں رات بھر ہلکی ہلکی برفباری ہوئی جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔محکمہ موسمیات نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وادی میں بدھ کو مسلسل دوسرے روز بھی شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں صبح سے جم کر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پہلگام اور گلمرگ کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری بھی ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہا،انہوں نے بتایا کہ بالائی علاقوں بشمول ، گلمرگ، پہلگام اور سونہ مرگ کے اوپری پہاڑیوں پر تازہ برف باری ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لداخ کے ساتھ ساتھ ،امر ناتھ ، گلمرگ کی آفروٹ پہاڑیوں ، زوجیلا پاس ، سونہ مرگ اوردیگر اونچی جگہوں پر درمیانی شب کو تازہ برف باری ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں اننت ناگ میں 31 ملی میٹر، کولگام میں 15 ملی میٹر، پلوامہ میں 29 ملی میٹر، شوپیاں میں 35 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 50 ملی میٹر، پہلگام میں 63.4 ملی میٹر، کوکرناگ میں 37.8 ملی میٹر، سری نگر میں 22.9 ملی میٹر، گلمرگ میں 51.7ایم ایم ، بانہال میں 64.6ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے باعث دن او ر رات کے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں گزشتہ رات 11.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 10.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ اسی طرح سے قاضی گنڈ میں گزشتہ رات 9.8 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں 9.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پہلگام میں گزشتہ رات 5.6 ڈگری کے مقابلے میں 5.4 ڈگری سیلشس کا کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ کوکرناگ میں گزشتہ رات 9.3 ڈگری کے مقابلے میں 8.3 ڈگری سیلشس کا کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ گلمرگ میں گزشتہ رات 3.6 ڈگری کے مقابلے میں 2.0 ڈگری سیلشس کا کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 17.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات 20.0 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے کچھ دنوں کے دوران موسمی صورتحال دگرگوں رہنے کا امکان ہے جس دوران میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ وادی میں رات دیر گئے تک میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونے کا امکان ہے۔محکمے نے باغ مالکان سے 22اپریل تک باغوں کی دوا پاشی کرنے سے احتراز کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بارشوں سے چٹانیں کھسکنے کے خطرات بھی لاحق ہیں جس کے پیش نظر ڈرائیور حضرات کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔












