نئی دہلی :دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے اہل وطن کو اور خاص طورپرمسلمانوں کو عیدالفطرکی مبارکباد پیش کی ہے۔آج یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اللہ کے آخری نبی ﷺنے پوری دنیا ئے انسانیت کو امن و امان کا جو پیغام دیا ہے۔ میں اس سے بہت متاثر ہوا ہوں۔انہوں نے کہاکہ آج پوری دنیا امن وامان کی متلاشی ہے ۔ جبکہ حضرت محمد ﷺنے جو راستہ بتادیا ہے اس کا کوئی متبادل نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ سب کے لئے رحمت اللعالمین بنا کر بھیجے گئے تھے کسی ایک فرقہ کے لئے نہیں ۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ عیدالفطر کے اس مبارک موقع پر ملک کے امن وامان اور خوشحالی کے کیلئے دعا کریں۔انہوں نے کہا ہے کہ عید کا یہ مقدس تہوار ہمیں بتاتا ہے کہ لوگوں کے ساتھ اچھا سلوک کریں۔جس طرح رمضان المبارک میںلوگوں کے ساتھ پیش آتے تھے۔اس موقع پر اہل وطن سے درخواست کی ہے کہ وہ امن وامان اور خوشحالی کے لئے دعا ء کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں ملک بھر کے مسلمانوں کی خوشیوں میں خود کو شریک پاتا ہوں اور ان سے ملک کی خوشحالی کے لئے دعاء کی درخواست کرتا ہوں ۔












