ڈھاکہ (یو این آئی) بنگلہ دیش نے اگلے ماہ امریکہ اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ میں زخمی تسکین احمد کو بطورنائب کپتان شامل کیا ہے۔ٹیم کی قیادت نظم الحسین شانتو کریں گے۔ 2007 کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ہر ایڈیشن میں کھیلنے والے شکیب الحسن کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سال وائٹ بال کرکٹ میں خراب فارم کے باوجود لٹن داس کو بھی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔تسکین 12 مئی کو زمبابوے کے خلاف پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کی وجہ سے وہ میچ نہیں کھیل سکے تھے۔ انہیں چار میچوں میں آٹھ وکٹیں لینے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اگلے ماہ شروع ہونے والے ٹورنامنٹ سے قبل ان کا فٹ ہونے کے لئےعلاج کیا جا رہا ہے۔بنگلہ دیش ٹورنامنٹ کا اپنا پہلا میچ 8 جون کو ڈیلاس میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔بنگلہ دیشی ٹیم: نظم الحسین شانتو (کپتان)، تسکین احمد (نائب کپتان)، لٹن داس، سومیا سرکار، تنزید حسن، شکیب الحسن، توحید ہردوئے، محمود اللہ، جیکر علی، تنویر اسلام، مہدی حسن، رشاد حسین، مستفیض الرحمان۔ , شریف اسلام اور تنظیم حسن۔