سید پرویز قیصر
وشا کھا پٹنم میں چنئی سپر کنگس کے خلاف ہوئے میچ میں ڈیوڈ وارنر نے47 منٹ میں35 بالوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 52 رن بنائے جو ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں انکی 110 ویں پچاس سے بڑی اننگ تھی۔ اس نصف سنچری کے ساتھ وہ اس قسم کے کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ برابر کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
نیو ساوتھ ویلز کی جانب سے کوئنس لینڈ کے خلاف برسبین میں5 جنوری2007 کو اپنا پہلا ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلنے والے ڈیوڈ وارنر نے نصف سنچریوں کا عالمی ریکارڈ برابر کر نے میں سترہ سال اور 86 دن کا وقت لیا۔
بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے2007 سے اب تک جو373 ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلے ہیں انکی372 اننگوں میں37.17 کی اوسط اور 140.22 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ آٹھ سنچریوں اور102 نصف سنچریوں یعنی کل110 نصف سنچریوں کی مدد سے12195 رن بنائے ہیں۔ وہ24 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر 135 رن ہے۔
آسڑیلیا سے تعلق رکھنے والے اس بلے باز نے انڈین پریمیر لیگ میں2009 سے اب تک جو179 میچ کھیلے ہیں انکی 179 اننگوں میں 41.57 کی اوسط اور 140.00 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ چار سنچریوں اور62 نصف سنچریوں کی مدد سے6527 رن بنائے ہیں۔ وہ گیارہ مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور126 رن ہے۔ وہ انڈین پریمیر میں تیسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں۔
ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کریس گیل کے پاس تھا۔ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے2005 اور2022 کے درمیان جو463 ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلے ہیں انکی 455 اننگوں میں36.22 کی اوسط اور 144.75 اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ22 سنچریوں اور88 نصف سنچریوں یعنی کل 110 نصف سنچریوں کی مدد سے14562 رن بنائے ہیں۔ وہ30 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولے بغیر آوٹ ہوئے ہے اور ان کا سب سے زیادہ آوٹ ہوئے بغیر175 رن ہے جو انہوں نے رائل چلنجرس بنگلور کی جانب سے پونہ واریرس کے خلاف بنگلور میں 23 اپریل 2013 کو102 منٹ میں66 بالوں پر13 چوکوں اور17 چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ یہ اس قسم کے کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور بھی ہے۔ کریس گیل نے1132چوکے اور1056 چھکے مارے ہیں ْ جو اس قسم کے کرکٹ میں سب سے زیادہ ہیں۔
ہندوستان کے وراٹ کوہلی ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیسرے سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بلے باز ہیں۔ انہوں نے2007 سے ابھی تک جو379 ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلے ہیں انکی362 اننگوں میں41.55 کی اوسط اور133.54 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ آٹھ سنچریوں اور93 نصف سنچریوںیعنی کل101 نصف سنچریوں کی مدد سے12175 رن بنائے ہیں۔ وہ16 مرتبہ اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے اور انکا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر122 رن ہے جو انہوں نے افغانستان کے خلاف دوبئی میں8 ستمبر2022 کو90 منٹ میں61 بالوں پر بارہ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔
پاکستان کے بابر اعظم نے2012 سے ابھی تک جو290 ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلے ہیں انکی280 اننگوں میں44.28 کی اوسط اور129.32 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ11 سنچریوں اور87 نصف سنچریوں یعنی کل98 نصف سنچریوں کی مدد سے10495 رن بنائے ہیں۔ وہ17 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور122 رن ہے۔ وہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں سو نصف سنچریاں بنانے والے چوتھے کھلاڑی ہونگے۔