غزہ(ہ س)۔اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز صبح سویرے خان یونس میں ایک سکول پر شدید بمباری کر کے کم از کم 10 فلسطینیوں کو قتل کر دیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی بمباری سے قتل کیے گئے فلسطینیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ یہ بات فلسطینی وزارت صحت نے حملے کے کچھ دیر بعد بتائی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے خان یونس پر بمباری میں اضافہ کر رکھا ہے۔ جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ٹینکوں سے بھی گولہ باری کی جا رہی ہے جو خان یونس کے مختلف علاقوں میں جاری ہے۔ان مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک روز قبل اسرائیلی فوج نے لوگوں سے کہا تھا کہ وہ علاقہ چھوڑ کر مغرب کی طرف چلے جائیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اسے ان علاقوں میں حماس کے مزاحمت کاروں سے لڑنا ہے۔