نئی دہلی، (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے مغربی بنگال میں انتخابی تشدد کو لے کر کے ترنمول کانگریس پر شدید حملہ کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ ترنمول کے لوگوں نے کانگریس کارکن دیب دیپ چٹرجی کو قتل کیا ہے۔ اتوار کے روز دیب دیپ کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے مجرموں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس تشدد پر یقین نہیں رکھتی اور عدم تشدد کے اصول کو داغدار کرنے والی سیاست کے سامنے جھکنا نہیں جانتی۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ترنمول سے وابستہ غنڈوں کے ہاتھوں کانگریس کارکن دیب دیپ چٹرجی کا قتل قابل مذمت ہے۔ سوگوار خاندان کے ساتھ میری گہری تعزیت۔ مغربی بنگال میں آج جمہوریت نہیں بلکہ ترنمول کا غنڈہ راج چل رہا ہے۔ ووٹنگ کے بعد مخالف آوازوں کو ڈرانا، مارنا اور مٹانا، یہی ٹی ایم سی کا کردار بن چکا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کی سیاست کبھی تشدد پر مبنی نہیں رہی اور نہ ہی رہے گی۔ ہم نے اپنے کارکن کھوئے ہیں، اس کے باوجود ہم نے ہمیشہ عدم تشدد اور آئین کا راستہ منتخب کیا ہے۔ یہی ہماری وراثت ہے اور یہی ہمارا عزم۔ ہمارا مطالبہ واضح ہے کہ تمام مجرموں کو فوری گرفتار کیا جائے، انہیں سخت ترین سزا دی جائے اور دیب دیپ کے اہل خانہ کو مکمل سکیورٹی اور معاوضہ فراہم کیا جائے۔












