دہلی شہر

دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کے پیش نظر 30 اکتوبر کو رات دیر تک چلیں گی دہلی میٹرو

نئی دہلی (یواین آئی) راجدھانی دہلی کے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں 30 اکتوبر 2026 کو مشہور فنکار دلجیت دوسانجھ کے ‘اَورا انڈیا ٹور 2026’ کنسرٹ میں شرکت کرنے والے شائقین کی آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ اس کے تحت ایئرپورٹ ایکسپریس لائن اور ریپڈ میٹرو (گروگرام) کو چھوڑ کر دیگر تمام میٹرو لائنوں پر خدمات معمول کے وقت سے زیادہ دیر تک جاری رہیں گی۔ڈی ایم آر سی نے کنسرٹ کے دن، یعنی 30 اکتوبر کو، رات 12 بجے (نصف شب) تک تمام میٹرو لائنوں پر ٹرینیں چلانے کا منصوبہ بنایا ہے، تاہم ایئرپورٹ ایکسپریس لائن اس سے مستثنیٰ رہے گی۔ پروگرام ختم ہونے کے بعد ناظرین کی محفوظ اور آسان واپسی کو یقینی بنانے کے لیے پورے میٹرو نیٹ ورک پر ٹرینوں کے اضافی چکر لگائے جائیں گے۔ مسافروں کی اچانک بڑھنے والی بھیڑ سے نمٹنے کے لیے اضافی ٹرینیں بھی تیار رکھی جائیں گی۔ اس کے علاوہ، خدمات کے اوقات میں توسیع کے پیش نظر ڈی ایم آر سی کی موبائل ایپ ‘دہلی میٹرو سارتھی’ پر کیو آر ٹکٹ خریدنے کی سہولت بھی ایک گھنٹے مزید دستیاب رہے گی۔قابل ذکر ہے کہ اس کنسرٹ میں تقریباً 70 ہزار ناظرین کی شرکت متوقع ہے، جن میں سے بڑی تعداد کے میٹرو خدمات استعمال کرنے کا امکان ہے۔