اے ایم یو میں ہفت روزہ سیرت تقریبات کی اختتامی نشست میں طلبہ انعامات سے سرفراز
علی گڑھ،،سماج نیوز:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام ہفت روزہ سیرت تقریبات کی اختتامی نشست پورے تزک و احتشام کے ساتھ یونیورسٹی کے اسٹریچی ہال میں منعقد کی گئی جس کی صدارت نائب شیخ الجامعہ پروفیسر محمد محسن خان نے کی۔پروفیسر محمد محسن خان نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو ہمہ وقت سامنے رکھنا چاہئے اور اپنی زندگی میں کم از کم ایک سنت کو لازمی طور پر اپنانا چاہئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ حبّ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا تقاضہ یہ ہے کہ جب جب آپ ؐ کا نام لیا جائے تو آپؐ پر درود کا نذرانہ پیش کیا جانا چاہئے،احادیث میں اس کی بڑی فضیلت بیان کی گئی ہے۔اے ایم یو رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات میں ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر طالب علم کو سیرت رسول ؐ سے واقفیت حاصل کرنے کے لئے سیرت کی کتابوں کا مطالعہ کرنا چاہئے تاکہ نبی پاک ؐ کی تعلیمات سے آگاہی اور مناسبت پیدا ہوسکے۔انھوں نے شیخ الجامعہ کی طرف سے بھی سیرت کمیٹی کواس پروگرام کے کامیاب انعقاد کے لئے مبارکباد پیش کی۔ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسرمحمد اطہر انصاری نے سیرت تقریبات کے تعلق سے اپنی پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے پروگرام کی اہمیت و افادیت کا ذکر کیا۔صدر شعبہ سنّی دینیات پروفیسر محمد راشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ دور حاضر میں سب سے بڑا فقدان امن و امان اور احترام انسانیت کا ہے جس کی بنیادی وجہ انسانوں کی مذہب بیزاری ہے،جب کہ سیرت نبوی ؐ میں امن و امان اور احترام انسانیت کے لئے خصوصی طورپر تعلیمات موجود ہیں۔سابق ڈین، فیکلٹی آف تھیالوجی پروفیسر توقیر عالم فلاحی نے قرآن کریم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اتباعِ سنت رسول اللہ ؐ،اللہ رب العزت کی محبت کے حصول کا واحد ذریعہ ہے۔ دینی علم صرف وہ ہے جو خدمت خلق اور رضائے الٰہی کی نیت سے حاصل کیا جائے۔کنوینر پروگرام،ڈین فیکلٹی آف تھیالوجی پروفیسر محمد حبیب اللہ قاسمی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ پروفیسر قاسمی نے اس مسابقہ میں حصہ لینے والے تمام طلبہ و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ لوگوں کی شرکت و شمولیت ہی مسابقتی پروگرام کو با معنی بنا تی ہے، ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ گرامی سے منسوب ان تقریبات کا حصہ بن رہے ہیں۔شعبہ سنی دینیات کے استاڈ ڈاکٹر محمد ناصر نے ہفت روزہ تقریبات کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان مسابقہ جات میں مسلم یونیورسٹی اور اس سے متعلق اسکول کے علاوہ علی گڑھ میں واقع تقریباً 16 اسکولوں نے شرکت کی جس میں مجموعی طور پر528طلبہ و طالبات نے حصہ لیااورتقریباً80 طلبہ مختلف زمروں میں انعامات کے مستحق قرار پائے جن کو انعامات سے نوازا گیا۔ نظامت کے فرائض شعبہ سنی دینیات کے استاد ڈاکٹر ندیم اشرف نے ادا کئے۔ پروگرام کا آغاز سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول کے طالب علم انس صباء الحق کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔سٹی اسکول کی طالبہ زویا انیس اور سید حامد سینئر سیکنڈری کے طالب علم اسد ریاض خان نے بارگاہ نبوت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ پروفیسر محمد حبیب اللہ قاسمی کے کلمات تشکر پر پروگرام تکمیل کو پہنچا۔
