
ارریہ، ( مشتاق احمد صدیقی ) بہار کانگریس کا نمائندہ اور ارریہ کانگریس کے سینئر لیڈر معصوم رضا نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے مکھانہ بورڈ کے قیام کا اعلان بہار کے کسانوں اور تاجروں کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ بہار مکھانہ کی پیداوار میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اور ارریہ ضلع کا بھی اس میں بہت بڑا حصہ ہے۔ مکھانہ بورڈ کے قیام کے بعد ضلع کے کسانوں کو براہ راست فائدہ ملے گا اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ آپ نے مزید کہا کہ ہمارا ضلع کافی پسماندہ ہے اور بے روزگاری کی شرح عروج پر ہے، بورڈ کے قیام سے یہاں کے لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ برآمدات کا فروغ، جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی جیسے بہت سے فوائد ارریہ کے لوگوں کو براہ راست دستیاب ہوں گے۔ ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ بہار میں مکھانہ بورڈ کے قیام کے لیے ارریہ کو ترجیح دی جائے۔ اس سے نہ صرف مقامی کسانوں اور تاجروں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ بہار کی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔ معصوم رضا نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت ہند اور حکومت بہار سے درخواست کرتے ہیں کہ ارریہ ضلع میں مکھانہ بورڈ قائم کیا جائے۔ یہ نہ صرف کسانوں اور تاجروں کے لیے ایک انقلابی قدم ہو گا، بلکہ بہار کی معیشت مضبوط ہوگی۔ اور ارریہ کو ایک قومی اور بین الاقوامی تجارتی مرکز کے طور پر ترقی دے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں حکومت کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ حکومت نے ہمیشہ ضلع ارریہ کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا ہے، اگر اس بار بھی ایسا ہوا تو ہم عوامی تحریک شروع کریں گے۔











