
اسلام پور(محمد ضیاء الدین) ہلسا 2 اسلام پور کے ڈی ایس پی گوپال کرشنا کی صدارت میں ہولی تہوار اور رمضان المبارک مہینے کو لیکر اتوار کے روز اسلام پور پولیس اسٹیشن کے احاطے میں امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔میٹنگ میں موجود عوامی نمائندوں اور معززین سے اپیل کی گئی کہ ہولی کا تہوار خوش اسلوبی اور باہمی بھائی چارے کے ساتھ منائیں۔اس موقع پر ڈی ایس پی گوپال کرشنا نے کہا کہ رنگوں کا تہوار ہولی آپسی بھائی چارہ قائم کرنے کا تہوار ہے۔اس تہوار میں لوگ ایک دوسرے کو رنگ دے کر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔حساس مقامات پر پولیس چوکسی رکھے گی۔اس کے علاوہ پولیس گشت کو بھی تیز کیا جائے گا۔انتظامیہ سوشل میڈیا کے ذریعے افواہیں پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھے گی۔ فحش گانوں پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔کسی بھی شخص پر زبردستی رنگ نہ لگائیں۔ڈی ایس پی نے شراب مافیا کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے طریقے درست کریں کیونکہ پولیس ان پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔تاہم پولیس شراب مافیا کے خلاف مسلسل کارروائی کر رہی ہے۔ہولی کے تہوار کے دوران اگر کوئی شخص نشے کی حالت میں پکڑا گیا تو اسے جیل بھیج دیا جائے گا۔انتظامیہ کی جانب سے ہولی کے تہوار کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع مقامی پولیس اسٹیشن کو فوراً دیں۔اس موقع پر اسلام پور تھانہ صدر انیل کمار پانڈے،سنجے پاسوان،بی ڈی او سنجے کمار،سرینواس شرما، ایڈوکیٹ شیلیندر پرساد سنگھ، ڈپٹی چیف کونسلر تنویر عالم، اپیندر یادو،اُجالا کمار سونی، وجے وشوکرما،شاہان پرویز،منا پرساد،راجن کمار کے علاوہ درجنوں سے زائد افراد موجود تھے۔











