پٹنہ ( پریس ریلیز ) اردو کونسل ہند کے ایک نمائندہ وفد نے بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ کے چیئرمین محمد ارشاد اللہ کو ایک عرضداشت پیش کر کے ان کے سامنے یہ تجویز رکھی کہ وقف بورڈ کی کثیر المقاصد عمارت انجمن اسلامیہ ہال میں اردو آبادی کے طلبہ و طالبات کی رہنمائی کے لیے ایک "اقلیتی تعلیمی رہنمائی مرکز”( Minority Educational Guidance Center )قائم کیا جائے ۔ وقد کی قیادت اردو کونسل ہند کے نائب صدر اختر الایمان نے کی اس وفد میں کونسل کے ناظم اعلی اسلم جاوداں ، رکن خاص خورشید اکبر اور ناظم ڈاکٹر یعقوب اشرفی شامل تھے ۔
وفد نے چیئرمین کو بتایا کہ ریاست بہار کی اردو آبادی کے طلبہ و طالبات میں ہیں ذہانت اور صلاحیت کی کمی نہیں ہے ۔ بس وہ صحیح رہنمائی سے محروم رہنے کی وجہ سے کامیابی کی منزل کے قریب آ کر رک جاتے ہیں ۔ اور پھر ایک ناکام زندگی گزارنے پر مجبور ہو جاتے ہیں ۔ اگر ان کی صحیح تعلیمی رہنمائی کی جائے تو وہ تعلیم کے ہر شعبے میں کامیابی کا پرچم لہرا سکتے ہیں اور ملازمتی میدان میں بھی بڑی سے بڑی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ۔وفد کے اراکین نے چیئرمین سے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضہ ہے کہ اردو آبادی کے طلبہ و طالبات کو تعلیم کے میدان میں آگے لایا۔ جائے۔ ان کو مسابقتی امتحانوں میں میدان سر کرنے کا ہنر سکھایا جائے ۔۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ملت کے طلبہ و طالبات کے لیے” اقلیتی تعلیمی رہنمائی مرکز "( Minority Educational Guidance Center ) قائم کر کے ان کی صحیح تعلیمی رہنمائی کی جائے ۔ تاکہ ہمارے طلبہ و طالبات تعلیمی میدان میں بڑی سے بڑی کامیابی حاصل کر سکیں ۔ چیئرمین وقف بورڈ نے وفد کی باتوں کو توجہ کے ساتھ سنا اور کہا کہ آپ لوگوں نے جو تجویز پیش کی ہے وہ ہم لوگوں کے پروگرام میں گزشتہ اٹھ مہینے سے شامل ہے ۔ اس پر ضرور کارروائی کی جائے گی ۔ وفد کے اراکین نے انہیں یاد دلایا کہ وہ اس سلسلے میں ان سے مل کرگزشتہ سال بھی یہ تجویز پیش کر چکے ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر اعتراض کیا کہ انجمن کو تعمیر ہوئے کئی سال کا عرصہ گزر گیا ، لیکن ملت کی تعلیمی بہتری کے لیے اس میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے ۔لہذا ملت کے لیے وقف کردہ اس عمارت کو ملت کے مفاد کے لیے استعمال کیے جانے کو یقینی بنایا جائے ۔











