پٹنہ، 21 مارچ (یو این آئی) بہار کے تمام 38 اضلاع میں کلاسیکل سوائن فیور سے بچاؤ کے لیے ٹیکہ کاری مہم شروع کر دی گئی ہے۔ڈائریکٹوریٹ آف اینیمل ہسبنڈری نے جمعہ کو بتایا کہ یہ 10 روزہ ویکسینیشن پروگرام جمعرات 20 مارچ سے شروع ہوا ہے۔ اس کے تحت یہ ویکسین چار ماہ سے زیادہ عمر کے خنزیروں کو لگائی جائے گی۔ اس مہم میں ریاست بھر میں 2 لاکھ 32 ہزار 160 خنزیروں کو ٹیکہ لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔خنزیروں کو کلاسیکل سوائن فیور سے بچانے کے لیے چلائی جا رہی اس ویکسینیشن مہم کے لیے،مویشی اور ماہی پروری کے وسائل کے محکمے کے مویشی پروری کے ڈائریکٹوریٹ نے تمام ضلعی مویشی پروری کے افسران کو ضروری ہدایات دی ہیں۔ریاست کے تمام اضلاع کے ہر گاؤں اور وارڈ میں روزانہ صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک مفت ویکسینیشن کی جائے گی۔مویشی پروری کے ڈائریکٹوریٹ نے مویشی پروروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے خنزیروں کو کلاسیکل سوائن فیور کی بیماری سے بچائیں۔ ڈائریکٹوریٹ نے تمام عوامی نمائندوں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اس ویکسی نیشن پروگرام کو کامیاب بنائیں۔











