
جالے: مقامی تھانہ کے جالے ۔بھرواڑہ اسٹیٹ ہائیوے 97 پر پاکٹولہ آئی ٹی آئی کے قریب منگل کے روز ایک تیز رفتار کار نے اتر بَیل کی طرف سے آتے ہوئے جالے کی طرف جا رہے ایک سی این جی تھری وہیلر آٹو کو زبردست ٹکر مار دی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار کے ایئر بیگ کھل کر پھٹ گئے۔ تصادم کے فوراً بعد کار میں سوار تمام افراد کار چھوڑ کر فرار ہو گئے، جبکہ آٹو میں سوار تمام زخمیوں کو فوری طور پر سی ایچ سی جالے پہنچایا گیا۔حادثے میں مظفرپور ضلع کے کٹرہ تھانہ کے بیل پکونہ رہائشی محد عارف کے 12 سالہ بیٹے محمد ایان کی جائے وقوع پر ہی دردناک موت ہوگئی جبکہ دوسرے بیٹے 14 سالہ محمد آفان سمیت اس کے 2 دیگر رشتہ دار بھی زخمی ہیں۔جن میں ایک محمد افتخار کا 12 سالہ بیٹا محمد سالم اور ٹیمپو ڈرائیور ونود ساہ، ساکن برہم پور تھانہ کمتول بھی شامل ہیں۔ملی جانکاری کے مطابق، عید کے موقع پر محمد آفان اپنے بھائی محمد ایان کے ساتھ جالے گاندھی چوک کے پاس اپنے رشتہ دار کے یہاں آیا تھا۔ ان کے ساتھ دو دیگر لڑکے بھی تھے۔ منگل کے روز یہ سبھی جالے گاندھی چوک سے آٹو پکڑ کر اپنے گھر واپس جا رہے تھے، تبھی راستے میں یہ خوفناک حادثہ پیش آیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی جالے تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور حادثے کی شکار ٹاٹا ٹیگور کار (نمبر DL/CZ 9171) اور آٹو (نمبر BR07P/02340) کو جے سی بی کی مدد سے نکال کر ضبط کر لیا ہے۔پوچھے جانے پر تھانہ انچارج سندیپ کمار پال نے ایک بچے کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک اس ضمن میں کوئی تحریری شکایت نہیں ملی ہے۔دونوں گاڑیوں کو پولیس نگرانی میں رکھا گیا ہے۔کار سوار افراد کی پہچان کے لئے ڈی ٹی او آفس سے گاڑی نمبر کی تصدیق کرائی جارہی ہے۔











