
ارریہ، ( مشتاق احمد صدیقی )یووا سدبھاؤنا منچ کے بینر تلے گزشتہ دن ضلع پنشنر سماج سبھا کی عمارت میں ہولی ملن تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت سینئر ایڈوکیٹ شیام لال یادو نے کی جبکہ نظامت کے فرائض کو یووا سدبھاؤنا میچ کے امیت کمار امن نے سرانجام دیا۔ اس موقع پر دونوں برادریوں کے لوگوں نے پھولوں سے ہولی کھیلی اور ایک دوسرے کو ہولی کی مبارکباد بھی دی۔ اس موقع پر سدبھاؤنا منچ کے سکریٹری محمد محسن، ستیندر ناتھ شرن، رضی احمد، وجے سنگھ، دیویندر مشرا، ڈاکٹر کپلیشور پرساد، شمس اعظم، دیپک داس، ٹھاکر شنکر کمار، اسرار الحسن، ظفر الحسن، سومیت سمن، رضی انور، حبشی، تابش، رفیق وغیرہ نے خطاب کیا۔ سب نے ایک آواز میں کہا کہ ارریہ کی خیر سگالی کی مثال اب دوسرے اضلاع اور شہروں میں بھی چل رہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ ہولی ہو یا عید، تمام ذاتوں اور مذاہب کے لوگ مل کر مناتے ہیں۔ جمعہ کو ہولی ہوئی اور کہیں کچھ نہیں ہوا صرف سیاستدان آپس میں لڑتے ہیں۔ اس لیے ہم ان کی باتوں پر کان نہیں دھریں گے بلکہ معاشرے میں باہمی ہم آہنگی اور اتحاد کو برقرار رکھنے کے مقصد سے متحد رہیں گے۔ ہولی ملن کی تقریب کے موقع پر تمام ذاتوں اور مذاہب کے لوگوں نے ایک دوسرے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور گلال تلک بھی لگایا۔ اس موقع پر آنے والے دنوں میں افطار پارٹی کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا اور آخر میں اخوان کامل نے تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔











