
پٹنہ، 21 مارچ (یو این آئی) وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے قومی ترانے کی مبینہ توہین پر اپوزیشن نے آج بہار قانون ساز کونسل میں ہنگامہ کیا، جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی لنچ کے وقفے تک ملتوی کر دی گئی۔جمعہ کو جیسے ہی قانون ساز کونسل کی کارروائی شروع ہوئی، اپوزیشن لیڈر رابڑی دیوی نے یہ معاملہ اٹھایا اور حکومت سے جواب طلب کیا۔ ایک وائرل ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسٹر نتیش کمار نے ایک تقریب میں قومی ترانے کے دوران غیر مہذب سلوک کیا۔ انہوں نے حکومت سے ملک اور ایوان کے سامنے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔محترمہ رابڑی دیوی نے طنز کیا ’’اگر نتیش جی ذہنی طور پر غیر مستحکم ہیں تو انہیں اپنے بیٹے کو وزیر اعلیٰ بنادینا چاہیے۔‘‘ انہوں نے وزیراعلیٰ سے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کیا۔نعرے بازی کرتے ہوئے اپوزیشن ارکان ایوان کے وسط میں آ گئے اور ہنگامہ شروع کردیا۔ ہنگامے کے باعث دن کا شیڈول کام مکمل نہ ہو سکا۔ چیئرمین اودھیش نارائن سنگھ نے ارکان سے امن کی اپیل کی لیکن وہ نہیں مانے۔ ایوان کو ہنگامہ خیز ہوتے دیکھ کر انہوں نے کونسل کی کارروائی کو کھانے کے وقفے تک ملتوی کر دیا۔واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو جمعرات کو ایک بین الاقوامی کھیلوں کے پروگرام میں قومی ترانے کے دوران ہنستے، بات کرتے اور ہلتے جلتے دیکھا گیا تھا۔ ویڈیو میں وہ اپنے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار سے بات کرتے ہوئے نظر آئے جو انہیں پرسکون کرانے کی کوشش کر رہے تھے۔











