پٹنہ ، 19 مارچ۔2025
محکمہ لیبر وسائل نے خواتین اہلکاروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے نیوجن بھون کے احاطے میں ایک پالنا گھر کھولا ہے۔ اس کا افتتاح منگل کی شام محکمہ کے وزیر سنتوش کمار سنگھ نے کیا۔ اس موقع پر ، انہوں نے کہا کہ یہ ایک قابل ستائش اقدام ہے۔ اس کا مقصد خواتین اہلکاروں کو زچگی کی مدد فراہم کرنا ہے ، تاکہ وہ دفتر کے وقت اپنے چھوٹے بچوں کی مناسب دیکھ بھال کے لیے فکرمند نہ رہیں ۔
وزیر نے کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے تحت ، کام کی جگہ پر سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے ہر سطح پر کام کررہی ہے۔ حکومت اس سے متعلق تمام پہلوؤں پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ اس سے متعلق پالنا گھر ایک اہم کڑی ہے۔ وزیر نے اس موقع پر موجود بچوں میں بسکٹ ، ٹافی تقسیم کی۔
اسپیشل سیکریٹری مسٹر آلوک کمار نےاس پالنا گھر کے بارے میں تفصیلی معلومات دیتے ہوئے کہا کہ اس پالناگھر میں 1 سے 5 سال کی عمر کے بچوں کی دیکھ بھال کی مناسب سہولیات موجود ہیں۔ بچوں کی حفاظت کے لئے ہر قسم کے معیار کا خیال رکھاگیاہے ۔یہاں 15 سے 20 بچے رکھنے کی گنجائش ہے۔ بچوں کی دیکھ بھال کرنے کے لئے ایک خاتون اہلکار اور معاون اہلکاروں کو رکھا گیا ہے۔ یہاں کھلونے سے لے کر دیگر تمام ضروری اشیاء کو یہاں دستیاب کردیا گیا ہے۔ اس کے دوران اسپیشل سکریٹری مسٹر آلوک کمار ، لیبر کمشنر راجیش بھارتی اور دیگر محکمہ جاتی افسران موجود تھے۔











