پٹنہ،04 مئی (پریس ریلیز): امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب دامت برکاتہم سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر نے حضرت مولانا غلام محمد وستانوی رحمہ اللہ کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ حضرت امیر شریعت نے فرمایا کہ حضرت مولانا غلام محمد وستانوی رحمہ اللہ کا وصال پوری ملت اسلامیہ کے لیے ایک عظیم خسارہ ہے۔ وہ ایک باوقار، متواضع، اور خالص دینی مزاج رکھنے والے عالم دین تھے ان کی شخصیت علم و معرفت ، تقویٰ و طہارت، اخلاق و تواضع اور اخلاص و عمل کا حسین امتزاج تھی۔حضرت مولانا غلام محمد وستانوی رحمہ اللہ نے اپنی پوری زندگی خدمت قرآن ، تعلیم و تدریس، اصلاح و دعوت، اور روحانی تربیت میں گزاری ۔ آپ نے 1979ء میں جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم، اکل کوا قائم کیا ۔ ابتدا میں یہ ادارہ محدود وسائل کے ساتھ چھ طلبہ اور ایک استاد کے ساتھ مکتب کی صورت میں چلا اور پھر آپ کی اور آپ کے رفقاء کی مخلصانہ محنت سے ادارہ خوب ترقی کرتا گیا یہاں تک کہ جدید و قدیم علوم و فنون کے سنگم کی وجہ سے آج ایک نمایاں تعلیمی مرکز کے طور پر جاناجاتاہے اور ہزاروں کی تعداد میں طلبہ علمی پیاس بجھا رہے ہیں ۔ آپ کی خطابت نہایت پراثر اور درد مند لہجے پر مبنی ہوتی تھی، جس سے دلوں میں دینی بیداری پیدا ہوتی۔ آپ نے ہمیشہ امت کے اتحاد، باہمی رواداری، اور فرقہ واریت سے بچاؤ تعلیم کے فروغ کا پیغام دیا۔آپ کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا ہے، اسے پُر کرنا ممکن نہیں۔











