
بہارشریف(محمد راشد عالم) نالندہ ضلع کے راجگیر میں ایک نوجوان زمین تاجر کا بے دردی سے قتل،لاش کنویں میں پھینک دی گئی،علاقے میں غم و غصہ پھیل گیا اور سڑک بلاک ہوگئی۔ذرائع کے مطابق راجگیر کے علاقے نئی پوکھر میں منگل کو ایک سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا،جہاں ایک نوجوان کو بے دردی سے قتل کرکے اس کی لاش کنویں میں پھینک دی گئی۔متوفی کی شناخت نیرج کمار عرف جھنو ولد مرحوم وجے سنگھ کے طور پر ہوئی ہے جو پیشہ سے زمین کا خریدوفروخت کا کام کرتا تھا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا۔مقامی لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی اور غصے میں ہنگامہ کرنا شروع کر دیا۔اطلاع ملتے ہی راجگیر تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور گاؤں والوں کی مدد سے نوجوان کی لاش کو کنویں سے باہر نکالا گیا۔لاش کی حالت دیکھ کر ہجوم مزید مشتعل ہو گیا جس کے بعد لوگوں نے لاش کو سڑک پر رکھ کر قریب چار گھنٹوں تک راجگیر۔گیریک سڑک جام کر دی اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ شروع کر دیا۔ایس پی کے پہنچنے کے بعد جام کر رہے لوگوں کو ملزم کی گرفتاری کی یقین دہانی کرانے کے بعد سڑک جام ہٹا کر آمدورفت کو بحال کیا گیا۔پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔کنویں کے قریب سے خون کے دھبے اور کارتوس برآمد ہوا ہے جس کی سبب خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایف ایس ایل (فارنسک سائنس لیبارٹری) کی ٹیم نے بھی موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیے ہیں،قتل کی وجہ زمینی تنازعہ بتایا جاتا ہے اور نالندہ کے ایس پی بھارت سونی نے کہا کہ واقعہ کی تمام پہلوؤں پر باریکی سے تفتیش کی جا رہی ہے اور معاملے کی جلد ہی انکشاف کرلیا جائے گا۔











