بہارشریف(محمد راشد عالم) نالندہ ضلع کے کتری سرائے تھانہ علاقہ کے مایا پور گاؤں میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے سائبر فراڈ کے ایک گروہ کا پردہ فاش کیا۔راجگیر کے ڈی ایس پی سنیل کمار سنگھ کی قیادت میں پولیس نے چھاپہ مار کر تین حقیقی بھائیوں سمیت کل چار ملزمین کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ان کے پاس سے سائبر فراڈ میں استعمال ہونے والے آلات اور دیگر قابل اعتراض مواد کی بڑی مقدار برآمد ہوئی ہے۔موصول ہونے والی معلومات کے مطابق یہ ملزمان ایشین پینٹس کی ایجنسی حاصل کرنے کا لالچ دے کر اور بجاج فنانس،دھانی انسٹنٹ پرسنل لون،الخیر اسلامک لون فائنانس کے نام پر سستے داموں قرضے دیتے تھے۔ گرفتار ملزمان میں کرشنا کمار،وکاس تانتی،آکاش کمار، راہول کمار شامل ہیں۔تمام ملزمین کتری سرائے تھانہ علاقہ کے تحت مایا پور گاؤں کے رہائشی ہیں،چھاپے کے دوران پولیس نے 1 لیپ ٹاپ،5 وائی فائی ڈیوائسز،7 اینڈرائیڈ موبائل فون،3 کی پیڈ موبائل،1 پرنٹر مشین،13 اے ٹی ایم کارڈ،4 چیک بک،3 پاس بک،2 سم کارڈ،بڑی تعداد میں استعمال ہونے والی آرڈر شیٹس،گرہک کا نام،پتہ،موبائل نمبر و دیگر دستاویزات وغیرہ موجود ہے۔کتری سرائے اسٹیشن انچارج ستیم تیواری نے بتایا کہ سائبر فراڈ کی خفیہ اطلاع ملنے پر موبائل لوکیشن کی بنیاد پر شناخت کیے گئے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔اس دوران چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا،جبکہ کچھ دیگر ملزمان پولیس کی اطلاع ملتے ہی فرار ہو گئے۔گرفتار ملزمان کے موبائل نمبروں سے ان کی تلاش جاری ہے جس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ انہوں نے ملک کی مختلف ریاستوں میں دھوکہ دہی کی وارداتیں کی ہیں۔پولیس اس کی مجرمانہ تاریخ کی جانچ کر رہی ہے۔اس ٹیم میں ٹرینی ایس آئی آدتیہ کمار،مکند بھارتی،اے ایس آئی رودل پاسوان،سویٹی سورین کے علاوہ پولیس فورس اس کارروائی میں شامل تھی۔











