
پٹنہ، 29 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان میں دہشت گردی کے کیمپوں کو تباہ کرنے کے لئے مسلح افواج کے کامیاب آپریشن سندور کے بعد بہار کے اپنے پہلے دورے کے دوران آج پٹنہ میں ایک میگا روڈ شو کیا۔ آپریشن سندور کے بعد جمعرات کو مسٹر مودی نے بہارکے اپنے پہلے دورے کے دوران پٹنہ ہوائی اڈے پر نو تعمیر ٹرمینل کا افتتاح کیا اور بہٹاہوائی اڈے کے نئے سول انکلیو کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ پٹنہ ہوائی اڈے کی نئی ٹرمینل عمارت 1200 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے جس سے سالانہ ایک کروڑ مسافروں کو سہولت ملے گی جبکہ بہٹاہوائی اڈے کے سول انکلیو کی تعمیر 1413 کروڑ روپے کی لاگت سے کی جائے گی جس سے سالانہ 50 لاکھ مسافروں کو سہولت ملے گی۔وزیر اعظم نے نئی ٹرمینل عمارت کا افتتاح کرنے اور نئے سول انکلیو کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد پٹنہ میں روڈ شو کیا۔ انہوں نے پٹنہ ہوائی اڈے سے اپنا روڈ شو شروع کیا، جو ویر چند پٹیل روڈ پر واقع بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی ہیڈکوارٹر پر اختتام پذیر ہوا۔روڈ شو کے دوران وزیر اعظم کا قافلہ بیلی روڈ، شیخ پورہ موڑ، جے ڈی ویمنس کالج، چڑیا گھر، راجونشی نگر، پٹنہ ویمنس کالج، پٹنہ ہائی کورٹ اور انکم ٹیکس گولمبر سے ہوتا ہوا بی جے پی کے ریاستی دفتر پہنچا۔ سڑک کے کنارے وزیر اعظم کا انتظار کر رہے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے ہاتھ ہلاکر ان کا استقبال کیا، جن میں سے زیادہ تر لوگوںکے ہاتھو ں میں ترنگا تھا۔روڈ شو کے دوران مسٹر مودی کے استقبال کے لیے بڑی تعداد میں لوگ سڑک کنارے جمع تھے ،جن میں زیادہ تر نوجوان تھے۔ آپریشن سندور کے الفاظ پر مشتمل پلے کارڈز اٹھائے لوگ وزیر اعظم کی فیصلہ کن قیادت پر خوشی کا اظہار کر رہے تھے۔اس کے بعد مسٹر مودی نے بی جے پی کے ریاستی دفتر میں اس سال اکتوبر۔ نومبر میں ہونے والے بہار اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیلئے پارٹی کے سینئر لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کی۔ میٹنگ میں ان کے ساتھ بہار کے نائب وزرائے اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا، بہار بی جے پی کے صدر دلیپ جیسوال اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈران بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم جمعہ کو بہار کے روہتاس ضلع کے بکرم گنج میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ جلسہ عام کے دوران وزیر اعظم تقریباً 50 ہزار کروڑ روپے کے کئی سڑک اور بجلی کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور افتتاح کریں گے۔اس سے قبل 24 اپریل 2025 کو بہار کے اپنے دورے کے دوران مسٹر مودی نے مدھوبنی میں ایک اجلاس سے دہشت گردوں اور سازش کرنے والوں کو خبردار کیا تھا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے لیے انہیں ان کے تصور سے بھی زیادہ سخت سزا دی جائے گی۔ پہلگام حملے کے بعد، ہندوستانی مسلح افواج نے 06-07 مئی کی رات کو پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر اور پاکستانی دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لیے آپریشن سندور شروع کیا۔ آپریشن سندورکے دوران پاکستان کے ایئر بیس کو نقصان پہنچا اور سو سے زائد دہشت گرد بھی مارے گئے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج پٹنہ میں جے پرکاش نارائن ہوائی اڈے کے نئے ٹرمینل کا افتتاح کیا اور بہٹاہوائی اڈے کے نئے سول انکلیو کا سنگ بنیاد رکھا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے پٹنہ ہوائی اڈے کے نئے ٹرمینل اور بہٹاہوائی اڈے پر نئے سول انکلیو کا افتتاح کرنے کے بعد اپنا روڈ شو شروع کیا۔ اس دوران لوگوں کی بڑی تعداد نے ترنگا لہرا کر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔یہ استقبال خاص طور پر آپریشن سندور میں مسلح افواج کی کامیاب قیادت اور جرات کو خراج تحسین کے طور پر دیکھا گیا۔قابل ذکر ہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں دہشت گردانہ حملے جس میں 26 سیاح ہلاک ہوئے تھے ، کے بعد پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پرجوابی کارروائی کرتے ہوئے یہ آپریشن کیا گیا تھا۔ آپریشن سندورکے بعد وزیر اعظم مودی کا بہار کا یہ پہلا دورہ ہے۔اس سے پہلے، پہلگام حملے کے بعد بہار کے اپنے پچھلے دورے کے دوران، مسٹر مودی نے مدھوبنی سے دہشت گردوں اور ان کے سازش کاروں کو خبردار کیا تھا کہ انہیں ان کے تصور سے بھی کہیں زیادہ سخت سزا دی جائے گی ۔











