پٹنہ، 29 مارچ :وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے میٹرک کا امتحان پاس کرنے والے تمام امیدواروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکبادی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ اس بار میٹرک کے امتحان میں مجموعی طور پر 15 لاکھ 58 ہزار 77 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے آج اعلان کردہ امتحان کے نتائج میں 12 لاکھ 79 ہزار 294 امیدوارکامیاب ہوئے ہیں۔ دو طالبات اور ایک طالب علم مشترکہ طور پر ٹاپر بنے ہیں۔وزیراعلیٰ نے طالبات کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے نہ صرف طالبات بلکہ ان کے والدین بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ لڑکیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور وہ ہر میدان میں مسلسل ترقی کر رہی ہیں۔ میں تمام کامیاب طلباء و طالبات کے روشن مستقبل کی دعا کرتا ہوں۔وزیر اعلیٰ نے بہار اسکول ایگزامینیشن بورڈ اور محکمہ تعلیم کو بھی بہت کم وقت میں امتحان کے نتائج شائع کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ بہار بورڈ کی تاریخ کے تیز ترین نتیجہ کی اشاعت سے طلباء کو اگلی کلاس میں داخلہ لینے کے لئے کافی وقت ملے گا اور اس سے ان کے حوصلے بلند ہوں گے۔











