
پٹنہ، 01 مارچ 2025 وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے آج 1 انے مارگ پر واقع’سنکلپ‘ میں شراب بندی اور نظم و نسق کے بارے میں اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی۔ میٹنگ میں پولیس ڈائریکٹر جنرل اور شراب بندی، ایکسائز و رجسٹریشن کے افسران نے وزیر اعلیٰ نظم و نسق کی موجودہ صورت حال اور شراب بندی کو بہتر طریقے سے نافذ کرنے کے لیے کیے جارہے کاموں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔
جائزہ کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جرائم پر قابو پانے کے لیے پوری طرح الرٹ اور متحرک رہیں۔ پولیس گشتی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔ تہواروں کے پیش نظر سماج دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں۔
جائزہ کے دوران وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ شراب بندی کو موثرطریقہ سے نافد کر نے کے لیے مناسب کارروائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ شراب بندی سے قبل لوگ شراب پی کر اپنی ساری کمائی اڑا دیتے تھے، آج وہی پیسہ دوسرے کاموں میں استعمال کرہے ہیں۔ جس کی وجہ سے ان کے خاندان کی مالی حالت بہتر ہو رہی ہے۔ساتھ ہی معاشرے میں امن اور بھائی چارے کی فضا قائم ہوئی ہے۔ شراب بندی سے مرد اور عورت دونوں خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیرا کی پیداوار اور فروخت میں اضافہ کریں۔ نیرا صحت کے لیے مفید اور لذیذ ہے۔ نیرا کو جمع کرنے، فروخت کرنے اور نیرا کی مصنوعات کی فروخت کو فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ اس سے وابستہ لوگوں کے لیے آمدنی کا ذریعہ بنایا جا سکے۔ شراب پر پابندی کے بہتر نفاذ کے لیے لوگوں میں بیداری مہم چلاتے رہیں۔ شراب نوشی سے ہونے والے نقصانات اور بیماریوں کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کریں۔ تاڑی کے کاروبار سے وابستہ لوگوں کے لیے متبادل روزگار کی فراہمی کے لیے مناسب کارروائی کو یقینی بنائیں۔
میٹنگ میں
وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر دیپک کمار، چیف سکریٹری مسٹر امرت لال مینا، ڈی جی پی مسٹر ونئے کمار، محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر اروند کمار چودھری، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر انوپم کمار، شراب پابندی، آبکاری اور رجسٹریشن محکمہ کے سکریٹری مسٹر ونود سنگھ گنجیال، وزیر اعلیٰ کے سیکریٹر مسٹر کمار روی اور اے ڈی جی،شراب بندی مسٹر سشل کھوپڑے موجودتھے۔











